پاکستان کا دشمن صرف بھارت، ایٹمی پروگرام اسکی جارحیت سے نمٹنے کیلئے ہے: جنرل (ر) قدوائی
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) نیشنل کمانڈ اتھارٹی کے مشیر لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ خالد قدوائی نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ کے امکانات نہ ہونے کے برابر ہیں کیونکہ دونوں ممالک کے پاس جوہری ہتھیار موجود ہیں۔ انسٹیٹیوٹ آف سٹرٹیجک سٹڈیز میں ”جوہری سکیورٹی کیلئے پاکستان کا کردار“ موضوع پر کانفرنس سے خطاب میں انہوں نے کہا پاکستان کا دشمن صرف بھارت ہے اور ہمارا جوہری پروگرام بھارتی جارحیت سے نمٹنے کیلئے ہیں۔ جنگ پاکستان اور بھارت کے درمیان موجود تنازعات کو حل کرنے کا کوئی آپشن نہیں، لہٰذا سفارتی اور سیاسی حکمت عملی کو ترجیح دی جانی چاہئے۔ ہاورڈ کینیڈی سکول کی حالیہ رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے جنرل ریٹائرڈ خالد قدوائی نے اسے بے بنیاد قرار دیا اور واضح کیا کہ کوئی بھی پاکستان کے جوہری ہتھیاروں کو چرا نہیں سکتا۔ اس رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ پاکستان کی جوہری ہتھیاروں کی جانب پیشرفت سے ان کی چوری کا خطرہ بھی بہت زیادہ بڑھ گیا ہے۔ نیشنل کمانڈ اتھارٹی کے مشیر نے کہا کہ پاکستان نے اپنے جوہری ہتھیاروں کی سکیورٹی اور تحفظ کیلئے مضوط کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم کو تشکیل دیا ہے۔ پاکستان اپنے میزائل اور جوہری پروگرام پر معذرت خواہ نہیں اور اسے کسی صورت ختم نہیں کیا جائیگا۔ پاکستان کے دفاع کے لئے جوہری پروگرام کو جاری رکھا جائیگا۔ بھارت کی نیوکلیئر سپلائر گروپ تک رسائی پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کے دوست این ایس جی میں موجود ہیں اور اپنے سٹرٹیجک مفادات کے تحفظ کیلئے سفارتی سطح پر تمام اقدامات کئے جائیں گے۔
خالد قدوائی