اسلام آباد:محکمہ پولیس کا جعلی اسناد والے اہلکاروں کو فارغ کرنے کا فیصلہ
اسلام آباد (این این آئی)وفاقی دارالحکومت کے محکمہ پولیس نے آپریشن کلین اپ کرتے ہوئے جعلی اسناد و ڈگریوں والے اہلکاروں کو فارغ کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے ابتدائی طور پر 9اہلکاروں کے خلاف مقدمات درج کرلیے ہیں۔میڈیا رپورٹس کے مطابق اسلام آباد کے محکمہ پولیس میں سب انسپکٹر رینک تک کے افسران کی تعلیمی اسناد کی تصدیق کا سلسلہ شروع کرتے ہوئے پولیس لائن ہیڈ کوارٹر سے آپریشن کلین اپ کا آغاز کردیا ۔تعلیمی اسناد کی تصدیق کے دوران ہیڈ کانسٹیبل تک کے 9 پولیس اہلکاروں کی میٹرک کی سندیں جعلی نکلیں جن کیخلاف تھانہ شمس کالونی میں مقدمات درج کرلیے گئے۔ مذکورہ اہلکاروں کی تعلیمی اسناد بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن لاہور نے جعلی قرار دی تھیں۔