پاکستان میں کارروائیوں کیلئے ہدایات را ہیڈ کو ارٹر سے آتی تھیں :کل بھوش کا انکشاف
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹر/ نیوز ایجنسیاں) سکیورٹی ذرائع کے مطابق ’’را‘‘ کے گرفتار بھارتی ایجنٹ نے انکشاف کیا ہے کہ پاکستان میں کارروائیوں کیلئے ہدایات ’’را‘‘ ہیڈ کوارٹرز سے آتی تھیں۔ اس حوالے سے ’’را‘‘ کے ہیڈ کوارٹرز میں الگ سیل قائم ہے۔ پاکستان میں کارروائیوں کیلئے پیسے اور اسلحہ کی ترسیل کی۔ پاکستان کیلئے میں ایک ایک ساتھی چاہ بہار میں تعینات کئے گئے، دو افراد پر مشتمل ٹیم کا سربراہ تھا۔ چاہ بہار میں جعلی نام سے جیولر کی دکان کھولی تاکہ شک نہ ہو۔ ذرائع کے مطابق ایجنٹ بزنس مین بن کر سمندر، زمینی راستے سے پاکستان آتا تھا۔ ’’را‘‘ کا ایجنٹ کبھی خود پاکستان آتا اور کبھی ساتھی کو بھیجتا تھا۔ ’’را‘‘ ایجنٹ نے مقامی نیٹ ورک سے متعلق قابل ذکر معلومات نہیں دیں۔ ابھی تک کی تفتیش میں کل بھوشن یادیو نے خود ہی اعتراف کئے ہیں۔ مقامی نیٹ ورک سے متعلق تفصیلات جلد سامنے آجائیں گی۔ کل بھوشن یادیو کے بارے میں بھی انکشاف ہوا ہے کہ اس نے ایرانی شہر چاہ بہار کی جیولرز شاپ میں بیٹھ کر کروڑوں ڈالر سے پاکستان میں دہشت گردی کا خفیہ آپریشن چلایا ، 6 ماہ میں دو بار "را" کے سربراہ سے ملا، افغان خفیہ ایجنسی سے بھی رابطے میں تھا۔ "را" افسر نے قرآن پاک کی تعلیم بھی حاصل کی، کل بھوشن یادیو نے چھ ماہ میں دو بار "را" کے سربراہ راجندر کھنہ سے ملاقات کی۔ کل بھوشن دیو نے کراچی اور بلوچستان میں دہشت گردی کے واقعات اور وہاں بنائے گئے نیٹ ورک سے متعلق تفصیلات سے پاکستانی حکام کو آگاہ کر دیا۔ کل بھوشن یادیو نے کراچی اور بلوچستان میں دہشت گردوں کی فنڈنگ کی تمام تفصیلات کی فراہمی کے علاوہ دہشت گردی کے واقعات میں افغان شہریوں کو بھی استعمال کرنے کا اعتراف کرلیا۔ تفتیش کرنے والی تحقیقاتی ٹیم نے حکومت کو ابتدائی رپورٹ پیش کردی ہے۔دریں اثنا گرفتار بھارتی ایجنٹ کے انکشافات کے بعد صوبائی سکیورٹی ادارے متحرک ہوگئے ہیں۔ کل بھوشن یادیو سے رابطے میں رہنے والے افراد سے متعلق تحقیقات شروع کردی۔ ذرائع محکمہ داخلہ کے مطابق بھارتی ایجنٹ کی گرفتاری کے بعد پاک افغان سرحدی علاقوں کی نگرانی سخت کردی گئی۔ بلوچستان بھر میں آپریشن تیز کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔