• news

بھٹک کردورجانیوالے واپس آجائیں اپنوں سے ناراض ہوکر غیروں کے پاس نہیں بیٹھتے:کمانڈر سدرن کمانڈ

کوئٹہ (اے پی پی+آن لائن+ صباح نیوز+ آئی این پی) کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عامر ریاض نے کہاہے کہ بلوچستان پاکستان کااہم حصہ ہے بلوچستان ہے تو پاکستان ہے۔ بلوچستان اورپاکستان ایک دوسرے کیلئے لازمی ہیں بھٹکے ہوئے لوگ واپس آکرملک کی ترقی وخوشحالی کیلئے کام کریں غیروں کے ساتھ رہ کراپنوں سے لڑا نہیں جاسکتا۔ یہ بات انہوںنے ہفتہ کو کوئٹہ میں بلوچستان سپورٹس فیسٹیول کے 5 ویں دن آرٹسٹ ڈے کے موقع پرفنکاروں کی حوصلہ افزائی کیلئے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ عامر ریاض نے کہاکہ فنکار معاشرے کی جذبات کے عکاسی کرتے ہیں ۔بلوچستان کی ثقافت بہت وسیع جبکہ فنکار معاشرے کا اہم حصہ ہیں وہ معاشرہ مردہ ہوجاتاہے جس میں فنکار نہ ہوں۔ عامر ریاض نہ کہا ہے کہ جو ٹھپک کر دور چلے گئے وہ واپس آجائیں۔ اپنوں سے ناراض ہو کر غیروں کے پاس نہیں بیٹھتے۔ غیروں کی باتوں میں آکر اپنوں سے نہیں لڑتے۔ لڑائی چھوڑ دیں اور پیار کی باتیں کریں۔ قبل ازیں فرنٹیئر کور بلوچستان کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کی تقریب لورالائی میں منعقد کی گئی، پریڈ میں 4 ہزار 476 ریکروٹ پاس آؤٹ ہوئے۔ کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عامر ریاض، ڈی جی ایف سی کوئٹہ میجر جنرل شیر افگن اور وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے شرکت کی۔ کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عامر ریاض نے جوانوں کو تربیت کی کامیاب تکمیل پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ملک بھر خصوصاً بلوچستان کو دہشت گردی اور بدامنی کا سامنا ہے، ایف سی بلوچستان افغانستا ن اور ایران کے ساتھ طویل سرحد کی نگہبان ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایف سی کے جوانوں نے جانوں کے نذرانے پیش کر کے مثالی کارنامے انجام دیئے ہیں۔ ایف سی کا امن و امان قائم کرنے، منشیات کی سمگلنگ روکنے، صوبے کی ترقی اور فلاح و بہود میں بھی اہم کردار رہا ہے۔ انہوں نے کہا ہے پاکستان اور بلوچستان کی بد امنی اور دہشت گردی میں ہمسایہ مما لک ملوث ہیں، اسلام ایک پر امن مذہب ہے اور دہشت گردی کی اجازت نہیں دیتا۔

ای پیپر-دی نیشن