ائیر چیف سے ترک فضائیہ کے سربراہ کی ملاقات دفاعی تعاون بڑھانے پر اتفاق
اسلام آباد (آن لائن) ائیرچیف مارشل سہیل امان سے ترک فضائیہ کے سربراہ جنرل اونال عابدین نے ائیرہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں ملاقات کی‘ جس میں دونوں ممالک کے دفاعی تعلقات سمیت پیشہ وارانہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق ترک فضائیہ کے سربراہ جنرل اونال عابدین نے اپنے وفد کے ہمراہ ائیر ہیڈ کوارٹر اسلام آباد کا دورہ کیا جہاں پر پاک فضائیہ کے ائیرچیف مارشل سہیل امان نے ان کا استقبال اور پاک فضائیہ کے چاق و چوبند دستے نے کمانڈر ترک فضائیہ کو سلامی پیش کی۔ پاک ترک فضائیہ کے سربراہان کی ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان دفاعی امور سمیت خطے کی سکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات میں دفاعی تعاون مزید بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔