• news

مشرف کا نام ای سی ایل سے نکالنے پر چوہدری نثار کیخلاف اسلامآباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر

اسلام آباد (نوائے وقت نیوز) سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کا نام ای سی ایل سے نکالنے پر وزیر داخلہ چوہدری نثار کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ میں توہین عدالت کی درخواست دائر کر دی گئی ہے۔ ایک شہری شاہد اورکزئی کی جانب سے اسلام آباد ہائی کورٹ میں وزیر داخلہ چودھری نثار کے خلاف جمع کرائی گئی توہین عدالت کی درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ سنگین غداری کیس کے ملزم پرویز مشرف کو بیرون ملک جانے کی اجازت سپریم کورٹ نے نہیں، حکومت نے دی۔ وزیر داخلہ نے عدالت کا نام استعمال کر کے غلط بیانی کی لہٰذا انہیں توہین عدالت کی درخواست پر شوکاز نوٹس جاری کیا جائے۔ درخواست میں 17 مارچ 2016ء کو پرویز مشرف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کے نوٹیفیکیشن بھی معطل کرنے کی بھی استدعا کی گئی ہے۔ درخواست گزار نے رجسٹرار آفس سے استدعا کی یہ درخواست 29 مارچ کو سماعت کے لئے مقرر کی جائے۔

ای پیپر-دی نیشن