• news

کچھ لوگ متفقہ آئین کیخلاف باتیں کر رہے ہیں، چھیڑا گیا تو انتشار پھیلے گا: سراج الحق

لاہور (سپیشل رپورٹر) امیرجماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ کچھ لوگ 73ء کے متفقہ آئین کیخلاف سازشیں کررہے ہیں،اگر آئین کو چھیڑا گیا تو ملک میں انتشار پھیلے گا اور پھر قوم کبھی ایک آئین پر متحد نہیں ہوسکے گی۔ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ عالمی استعمار کو اپنی وفاداری کا یقین دلانے کیلئے ایک دوسرے سے بڑھ کر آئین اور نظریہ پاکستان کے خلاف باتیں کر رہی ہیں۔ عوام ملک کی نظریاتی شناخت کیخلاف ہونیوالی کسی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے اور مغربی ایجنڈے کو نافذ کرنے کی باتیں کرنے والوں کو ناکامی کا منہ دیکھنا پڑیگا۔ دوستی کے نام پربھارتی جاسوس کو چھوڑنے والوں کو قوم ایک دن کیلئے برداشت نہیں کریگی۔ان خیالات کا اظہار انہوںنے بہاولپور میں جماعت اسلامی پنجاب کے سابق امیر اور رکن صوبائی اسمبلی ڈاکٹر وسیم اختر کی قیادت میں ملاقات کرنیوالے چولستانی زعماء کے جرگہ میں کہا۔ سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ جنوبی پنجاب کی پسماندگی اور درماندگی کا سبب یہاں کی فیوڈل قیادت ہے، حکمران خود مکھن کھا رہے ہیں اور غریبوں کو لسی بھی نہیں دیتے۔ اس طبقہ کی موجودگی میں خطے میں انسانی ترقی ناممکن ہے۔ سیاست پر دولتمندوں، وڈیروں اور جاگیرداروں کا قبضہ ہے۔ جنوبی پنجاب کے وسیع و عریض خطے میں کوئی میگا پراجیکٹ نظر نہیں آتا اور عوام کو لالی پاپ پر ٹرخایا اور جھوٹے وعدوں سے بہلایا جا رہا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن