سانحہ ماڈل ٹائون، انصاف کیلئے عالمی عدالت جانے کا حق محفوظ رکھتے ہیں: طاہر القادری
لاہور (آن لائن) عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے امریکہ (ڈیلس) میں پاکستانی کمیونٹی اور عوامی تحریک اوورسیز تنظیمات کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹائون کے انصاف کیلئے عالمی عدالت میں جانے اورفیصلہ کن جدوجہد کیلئے سڑکوں پر آنے کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔مقتدر شخصیات کے ظلم کے سامنے جسٹس سسٹم بھی بے بس ہے۔ ہم جانتے ہیں کہ سانحہ ماڈل ٹائون کے ذمہ دار حکمرانوں کے ہوتے ہوئے انصاف نہیں ملے گاپھر بھی انصاف کے لیے اتمام حجت کے طور پر قانونی راستہ اختیار کررکھا ہے۔28 مارچ کی اے پی سی میں سانحہ ماڈل ٹائون کے شہداء کے انصاف کیلئے مشاورت سے حتمی لائحہ عمل طے کریں گے۔انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان کی جمہوری تاریخ میں کسی دور حکومت میں سیاسی کارکنوں کا اس طرح خون نہیں بہایا گیا جس طرح حالیہ دو سالوں میں بہا۔ عوامی تحریک کے درجنوں کارکنوں کو شہید، سینکڑوں کو شدید زخمی اور ہزاروں کی تعداد میں کارکنوں کو پابند سلاسل کیا گیا۔ سیاسی مخالفین سے زندہ رہنے کا حق بھی چھین لیا گیاکیا اسے جمہوریت اور آئین و قانون کی بالادستی کہتے ہیں؟