• news

قائداعظم کے پاکستان کو اپنی ٹیم کے ساتھ مل کر ناقابل تسخیر بنا دیا: ڈاکٹر عبدالقدیر

لاہور (نیوز رپورٹر) محسن پاکستان ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے کہا ہے قائداعظم کے پاکستان کو میں نے اپنی ٹیم کے ساتھ ملکر ناقابل تسخیر بنا دیا ہے‘ پاکستان کی تعمیر میں نوجوانوں نے بہت ہی اہم کردار ادا کیا ہے اور اب بھی نوجوانوں سے امیدیں وابستہ ہیں وہ دن رات محنت کرکے پاکستان کا نام روشن کریں گے۔ اب ہماری ذمہ داری بنتی ہے ہم سب گروہی اور لسانی اختلافات سے ہٹ کر اس ملک کی ترقی میں اجتماعی کردار ادا کریں۔ میں نے پاکستان کو بنتے دیکھا ہے۔ قائداعظم محمد علی جناح نے پاکستان بنانے کیلئے دن رات محنت کی ہے۔ قائداعظم اگر چاہتے تو عیش و آرام کی زندگی گزار سکتے تھے لیکن انہوں نے مسلمانوں کیلئے ایک الگ ملک بنانے کے خواب کو پورا کیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں ایک سیمینار سے خطاب کرتے کیا۔ ڈاکٹر عبدالقدیر نے اپنے خطاب میں مزید کہا جب 1974ء کو بھارت نے ایٹمی دھماکے کئے تو میں نے اپنے ملک کو ایٹمی طاقت بنانے کا عزم کرلیا تھا۔ وزیراعظم نوازشریف نے 1998ء کو عالمی دبائو کے باوجود ایٹمی دھماکہ کرکے جرأت کا مظاہرہ کیا ہے۔ ایٹمی طاقت کی وجہ سے یہ ملک ناقابل تسخیر ہوچکا ہے اور کوئی بھی دشمن اس ملک کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے کی جرأت نہیں کر سکتا۔ پاکستان دنیا میں ایک الگ حیثیت رکھتا ہے اور 34 مسلم ممالک کے اتحاد میں بھی پاکستان کا نمایاں مقام اور کارکردگی ہے۔ موجودہ دور میں فلسطین کی آواز اٹھانے اور مدد کیلئے کوئی نہیں آتا۔کوئی بھی مسلمانوں کی مدد کیلئے تیار نہیں ہے اگر غیر مسلموں پر کوئی برا وقت آتا ہے تو پوری دنیا میں شوراور واویلا کیا جاتا ہے اس لئے مسلمانوں کو متحد ہوکر غیر مسلموں کی سازشوں کا مقابلہ کرنا چاہئے۔ میری ساری توجہ فلاحی کاموں کی طرف ہے اور میرا اس وقت سب سے بڑا فلاحی منصوبہ ڈاکٹر اے کیو خان ہسپتال ہے جہاں سے غریب لوگوں کا علاج معالجہ ہو رہا ہے۔ یہ لاہور میں 300 بیڈز پر مشتمل اعلیٰ ترین ہسپتال ہوگا۔ طلباء و طالبات کو ہدایت کی وہ تعلیم پر بھرپور توجہ دیں۔

ای پیپر-دی نیشن