• news

لداخ: برفانی تودے تلے دب کر بھارتی فوجی ہلاک‘ 2 لاپتہ

سری نگر (اے این این) مقبوضہ کشمیر کے علاقے لداخ میں برفانی تودے کی زد میں آکر ایک بھارتی فوجی ہلاک، دو ساتھی لاپتہ ہو گئے ، امدادی ٹیموں نے تلاش شروع کردی۔ وادی کے مختلف علاقوں میں تازہ برف باری، سردی کی شدت میں اضافہ، جموں و سری نگر شاہراہ ایک مرتبہ پھر ٹریفک کیلئے بند، محکمہ موسمیات نے آئندہ 24گھنٹوں میں مزید برف باری اور لینڈ سلائیڈنگ کی پیش گوئی کردی، لوگوں کو احتیاط برتنے کی تلقین۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز برفانی تودے نے اس وقت بھارتی فوجی اہلکاروں کو اپنی لپیٹ میں لیا جب وہ معمول کی گشت پر تعینات تھے۔ واقعہ لداخ میں پیش آیا جس دوران برف کی بھاری مقدار اچانک نزدیکی پہاڑی سے کھسک گئی اور فوج کی ایک گشتی پارٹی اس کی زد میں آگئی۔ ذرائع کے مطابق گشتی پارٹی کی ایک ٹکڑی میں شامل 2اہلکار برف تلے زندہ دفن ہوگئے۔ دفاعی ذرائع نے بتایا کہ ایک اور فوجی اہلکار ابھی لاپتہ ہے جس کی تلاش کیلئے ریسکیو آپریشن شروع کیا گیا ہے۔ شہر سرینگر کے ساتھ ساتھ وادی کے دیگر علاقوں جن میں اوڑی، گریز ، کپوارہ، کرناہ، شوپیاں، گاندربل، بانڈی پورہ، کولگام اور اننت ناگ کے بالائی علاقوں میں ہلکی برف باری جبکہ میدانی علاقوں میں بارشوں کی وجہ سے ٹھنڈ میں ایک مرتبہ پھر اضافہ ہوا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن