• news

سی پیک انتہائی اہم منصوبہ ہے اسے متنازع نہیں بنانا چاہیے: سعد رفیق

لاہور (سٹاف رپورٹر) وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ ہم آنیوالی نسلوں کو کمزور پاکستان نہیں دینا چاہتے ۔ ماضی میں بہت وقت ضائع کردیا اب اسکی گنجائش نہیں ہے۔ چائنہ پاکستان اکنامک کاریڈور (سی پیک) پاکستان کیلئے انتہائی اہم منصوبہ ہے، اسے متنازعہ نہیں بنانا چاہئے۔ پاکستان ریلوے پسنجر اور فریٹ کے شعبہ میں پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کی خواہاں ہے۔ وہ ’’ٹرانسپورٹ کے ڈھانچہ کی ترقی میں پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کا کردار‘‘ کے موضوع پر سیمینار سے خطاب کر رہے تھے ۔ سیمینار کا انعقاد پاکستان ریلوے اور چارٹرڈ انسٹیٹیوٹ آف لاجسٹک اینڈ ٹرانسپورٹ پاکستان نے مشترکہ طور پر کیا تھا۔ وفاقی وزیر ریلوے نے مزید کہا کہ پاکستان میں ٹرانسپورٹ کے شعبہ میں پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت ترقی کے بہت مواقع ہیں اور ہمیں ان مواقعوں کو ضائع نہیں کرنا چاہئے۔ پاکستان میں پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کی بہت کمی ہے ۔ پرائیویٹ سیکٹر سے اچھے بزنس مینوں کو آگے آنا چاہئے۔ دریں اثناء پاکستان ریلوے سپورٹس بورڈ کے زیراہتمام 61 ویں دو روزہ ریلوے انٹرڈویژنل اتھلیٹک چیمپئن شپ کا ریلوے سٹیڈیم گڑھی شاہو میں اختتام ہوگیا جس کے مہمان خصوصی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق تھے۔ وزیر ریلوے نے کھلاڑیوں کے پیکیج سے متعلق خصوصی مراعات کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ریلویز کے کھلاڑیوں کو کسی بھی قومی چیمپئن شپ میں گولڈ میڈل حاصل کرنے کی صورت میں 10000 روپے کی بجائے 50000 روپے، سلور میڈل حاصل کرنے کی صورت میں 7000 روپے کی بجائے 25000 روپے اور برانز میڈل حاصل کرنے کی صورت میں 5000 روپے کی بجائے 15000 روپے بطور انعام دیا جائیگا۔ اسکے ساتھ ساتھ قومی سطح پر نیشنل چیمپئن شپ میں حصہ لینے والی ٹیموں کے کھلاڑیوں کو ٹرینوں میں بزنس کلاس کی سہولیات بھی مہیا کی جائیگی۔ انہوں نے سپورٹس مین کا اعزازیہ 10000 روپے ماہانہ سے بڑھا کر 15000 روپے ماہانہ کرنے کا بھی اعلان کیا۔

ای پیپر-دی نیشن