حضرت مادھو لعل حسین کے عرس کی تقریبات دوسرے روز بھی جاری رہیں، آج اختتام پذیر ہونگی، سکیورٹی کے سخت انتظامات
لاہور (خصوصی نامہ نگار+ نامہ نگار) حضرت مادھو لعل حسین کے عرس کی تقریبات دوسرے روز بھی جاری رہیں۔ گزشتہ روز بھی زائرین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ خواتین، بچے، مرد اور بوڑھے افراد نے رات گئے تک حضرت مادھو لعل حسین کے مزار پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی۔ عرس کی تقریبات کے دوران پولیس اہلکاروں کو مزار کے اندر اور داخلی راستوں پر تعینات کیا گیا ہے۔ عرس کی تقریبات آج اختتام پذیر ہونگی۔علاوہ ازیں عرس پر 2 ہزار اہلکاروں کی سکیورٹی ڈیوٹی لگائی گئی تھی جو سخت حفاظتی انتظامات کے لئے الرٹ رہے۔ دربار جانے والے تمام راستوں کو واک تھرو گیٹ لگائے گئے اور ڈیوٹی پر موجود اہلکار میٹل ڈیٹکٹر کے ذریعے تلاشی لے کر زائرین کو مزار میں جانے کی اجازت دیتے رہے۔