ملک بھر میں مسیحی برادری نے ایسٹر کا تہوار منایا
لاہور (خصوصی نامہ نگار+نامہ نگاران) مسیحی برادری نے ملک بھر میں ایسٹر کا تہوار اپنے عقیدے کے مطابق جوش و خروش سے منایا۔ تقریبات کا آغاز ہفتہ کی رات سے ہی ہوگیا تھا جس کے تحت گرجا گھروں پر چراغاں کیا گیا اور شمعیں روشن کی گئیں، جبکہ گرجا گھروں میں خصوصی عبادات کا اہتمام کیا گیا اور ملک و قوم کی سلامتی کی دعائیں مانگی گئی جس کے بعد مسیحی برادری کے افراد نے قبرستانوں میں اپنے پیاروں کی قبروں پر پھول چڑھائے۔ ایسٹر کے موقع پر گرجا گھروں کی سکیورٹی کے لئے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے تھے۔ واضح رہے کہ ایسٹر عیسائیوں کا سب سے بڑا مذہبی تہوار ہے۔ بھلوال سے نامہ نگار کے مطابق کرسچن ٹاؤن سے جلوس نکالا گیا۔ آئی این پی کے مطابق لاہور میں ایسٹر کے موقع پر دہشت گردی کے خطرات کے پیش نظر پولیس کی بھاری نفری نے یوحنا آباد کے ارد گرد سرچ آپریشن کیا۔ اس دوران پولیس نے یوحنا آباد میں چرچز کے نزدیک بھی مکمل چیکنگ کی جبکہ دیگر مقامات پر گھروں میں موجود تمام افراد کے کوائف کی تصدیق کی۔ ننکانہ صاحب سے نامہ نگار کے مطابق مسیحی برادری نے ایسٹر مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منایا۔ ایسٹر کی مرکزی تقریب سالویشن آرمی گرجا گھر میں منعقد ہوئی جس میں مسیحی برادری کے مرد و خواتین اور بچوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ سانگلا ہل سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق مقامی مسیحی برادری کے نکالے گئے جلوس میں بعض شرپسند عناصر نے تھانہ سٹی کی پولیس کی موجودگی میں ہوائی فائرنگ کر دی جس سے خوف و ہراس پھیل گیا۔ پولیس نے تاحال مقدمہ درج نہیں کیا۔ فائرنگ کے واقعہ کے بعد پولیس کی اضافی نفری سانگلا ہل پہنچ گئی۔ پوپ فرانسس نے ایسٹر کے موقع پر خطاب میں کہا ہے دہشت گردی سے نمٹنے کے لئے ’’محبت کے ہتھیار‘‘ استعمال کئے جائیں۔ پوپ نے مزید کہا یورپی ممالک مہاجرین کا استعمال اور انکی مدد کریں۔