مظفرگڑھ: آئل ٹینکر میں آتشزدگی ، مزید 2افراد دم توڑ گئے‘ تعداد 6 ہوگئی
مظفرگڑھ +لاہور (آئی این پی+ خبرنگار) آئل ٹینکر میں آگ لگنے سے جھلسنے والے مزید دو افراد دم توڑ گئے، حادثے میں جاں بحق افراد کی تعداد 6 ہوگئی۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز مظفرگڑھ میں آئل ٹینکر میں آگ لگنے سے بیس افراد جھلس گئے تھے جن میں سے 4دم توڑ گئے تھے۔ اتوار کو حادثے کے مزید دو زخمی چل بسے جس کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 6 ہوگئی۔ پولیس کے مطابق حادثے کے 17 زخمی ابھی بھی مظفرگڑھ کے سول ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔ جن میں سے متعدد کی حالت تشویشناک ہے۔دریں اثنا وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے آئل ٹینکر حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے زخمی افراد کو بہترین طبی سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کی اور ضلعی انتظامیہ سے حادثے کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔