لوڈشیڈنگ جاری، شیخوپورہ میں گیس بندش کیخلاف ریجنل آفس کے سامنے مظاہرہ
لاہور + شیخوپورہ (نامہ نگاران + نامہ نگار خصوصی) بجلی کی لوڈشیڈنگ کا سلسلہ گزشتہ روز بھی جاری رہا جس کے باعث لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ شیخوپورہ میں گیس کی مسلسل بندش کیخلاف ریجنل آفس کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا اور شدید نعرے بازی کی۔ تفصیلات کے مطابق لوڈشیڈنگ کا سلسلہ گزشتہ روز بھی برقرار رہا۔ سوئی گیس کی مسلسل بندش کیخلاف شیخوپورہ کے مختلف دیہاتوں کے سینکڑوں مکینوں نے سرگودھا روڈ پر محکمہ سوئی گیس کے ریجنل آفس کے باہر شدید احتجاج کیا اور حکومت کے خلاف نعرے بازی کی۔ اس موقع پر مظاہرین کا کہنا تھا کہ سوئی گیس کا عملہ سوئی گیس کی بحالی کے معاملے کو مسلسل نظرانداز کر رہا ہے جس کی وجہ سے علاقے کی عوام کو سخت مشکلات کا سامنا ہے جس سے ہمارے گھروں کے چولہے ٹھنڈے پڑ چکے ہیں، جنڈیالہ روڈ کی آبادیوں بھدرو ہرن مینارہ، معراج پورہ، عیسیٰ نگری اور دیگر علاقوں میں کئی روز سے گیس مسلسل بند ہے اور متعدد بار شکایات کے باوجود بھی علاقے کی گیس بحال نہیں کی گئی۔ بعدازاں گیس کی بحالی کی یقین دہانی پر مظاہرین منتشر ہو گئے۔