مشرف کو انٹرپول کے ذریعے واپس لانے کا حکومتی بیان صرف ’’تسلی ‘‘ کیلئے ہے: اعتزاز احسن
لاہور (این این آئی) پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما سینیٹر اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ عوام بلند و بانگ دعوے کرنے والے حکمرانوں سے میٹرو بسیں نہیں روٹی، تعلیم اور صحت کی سہولتیںمانگ رہے ہیں، پرویز مشرف کی بیرون ملک روانگی ’’ مک مکا ‘‘ کا نتیجہ ہے اور حکومت نے اس سارے معاملے میں سہولت کار کا کردار ادا کیا۔ پل اور فلائی اوور بنانا کوئی کارکردگی نہیں، موجودہ حکمران بتائیں انکے ادوار میں عوام کی زندگیوں میں کیا تبدیلی آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ (ن) والے اپنی تجربہ کاری کا ڈھنڈورا پیٹتے نہیں تھکتے لیکن آج ملک کے حالات یہ ہیں کہ ہر شعبہ ترقی کی بجائے زوال کی جانب گامزن ہے۔ نجکاری کے پس پردہ محرکات سے پوری قوم آگاہ ہے۔ موجودہ حکمران ’’شفاف کرپشن‘‘ کرنے میں اپنا ثانی نہیں رکھتے، وہ وقت دور نہیں جب ان کے سارے معاملات عیاں ہوںگے۔ حکومت کا پرویز مشرف کو ضرورت پڑنے پر انٹرپول کے ذریعے واپس لانے کا بیان صرف ’’تسلی‘‘ کیلئے ہے۔