• news

سفاق درندوں کو نہیں چھوڑینگے :شہباز شریف

لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعظم محمد نوازشریف، وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف اوروفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان نے جناح ہسپتال کا دورہ کیا اور سانحہ گلشن اقبال پارک کے زخمیوں کی عیادت کی۔ وزیراعظم، وزیراعلیٰ پنجاب اور وفاقی وزیر داخلہ مختلف وارڈز میں گئے۔ سانحہ گلشن اقبال پارک کے جناح ہسپتال میں زیر علاج زخمیوں کی عیادت کی انہیں دی جانے والی طبی سہولتوں کا جائزہ لیا۔ وزیراعظم، وزیراعلیٰ پنجاب اور وفاقی وزیر داخلہ فرداً فرداً زخمیوں کے پاس گئے اور ان کی خیریت دریافت کی۔ المناک سانحہ کی تفصیلات معلوم کیں۔ اس موقع پروزیراعظم اور وزیراعلیٰ نے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ زخمیوں کو بہترین طبی سہولتیں فراہم کی جائیں ان کا ہر طرح سے خیال رکھا جائے۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اس موقع پر کہا کہ سانحہ گلشن اقبال پارک دہشت گردی کا بدترین واقعہ ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے، اس المناک واقعہ نے ہر پاکستانی کو رنجیدہ اورہر آنکھ کو اشکبار کیا ہے۔ قوم جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین کے غم میں برابر کی شریک ہے۔ جنہوں نے ہمارے بچوں، بہنوں، مائوں اور بیٹیوں کو مارا ہے اس کا بدلہ ضرور لیا جائے گا۔ جب تک آخری دہشت گرد کا خاتمہ نہیں ہو جاتا، ہم چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ گلشن اقبال پارک کا افسوسناک واقعہ اور بہت بڑا سانحہ ہے جس میں معصوم لوگوں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ میں دہشت گردی کے خاتمے کیلئے خون کا آخری قطرہ بہا دوں گا۔ معصوم لوگوں کی زندگیوں سے کھیلنے والے سفاک درندوں کوکسی صورت نہیں چھوڑا جائے گا۔ سانحہ گلشن اقبال پارک کے سہولت کاروں کو جلد قانون کے کٹہرے میں لائیںگے یہ سفاک درندے بدترین انجام سے دوچار ہوں گے۔ جناح ہسپتال کے دورہ کے موقع پر خواجہ سلمان رفیق اور خواجہ سلمان بھی ساتھ تھے۔ وزیر اعلی نے سانحہ گلشن اقبال پارک کے اندوہناک واقعہ میں جاں بحق افراد کے لواحقین کے لئے فی کس 10 لاکھ روپے مالی امداد کا اعلان کیا ہے۔ پنجاب حکومت کی جانب سے اس سانحہ میں شدید زخمی ہونے والے افراد کو 3،3 لاکھ روپے فی کس جبکہ معمولی زخمیوں کو ڈیڑھ، ڈیڑھ لاکھ روپے فی کس مالی امداد دی جائے گی۔ وزیراعظم محمد نوازشریف نے اس موقع پر کہا کہ آپریشن ضرب عضب قیام امن تک جاری رہے گا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ مریضوں کو بہترین طبی سہولتیں فراہم کی جائیں۔ دہشت گردوں نے ایک بار پھر بچوں کو نشانہ بنایا ہے۔ قوم اپنے اتحاد اور جذبے سے دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ دے گی۔ دہشت گردوں نے بزدلی کا ثبوت دیا۔ بچوں کو نشانہ بنانے والے دہشت گردوں کو کیفرکردار تک پہنچا کر دم لیں گے۔ زخمیوں کے علاج معالجے میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ وزیراعظم محمد نواز شریف زخمیوں کے پاس ایک ایک بیڈ پر گئے اور ان کی خیریت دریافت کی۔ زخمیوں کے لواحقین کو انہوں نے تسلی تشفی دی اور کہا کہ اس سانحہ پر ان کا دل خون کے آنسو رو رہا ہے۔ وزیراعظم محمد نواز شریف کی جناح ہسپتال آمد پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے تاہم وزیراعظم ان اقدامات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے مریضوں کے لواحقین کے پاس جا پہنچے اور انہیں تسلی و تشفی دی۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے سینئر صحافی و لائف ممبر لاہور پریس کلب زاہد علی خان کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے سکھ مذہب کے رہنما اور پاکستان سکھ گوردوارہ پربندھک کمیٹی کے چیئرمین سردار شام سنگھ کے انتقال پر بھی گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔

ای پیپر-دی نیشن