خودکش حملہ آور کا خاکہ جاری: یوسف حملہ آور نہیں تھا، دھماکہ جماعت الاحرار کے صلاح الدین نے کیا: پولیس ذرائع
لاہور+ اسلام آباد (نامہ نگار + نوائے وقت رپورٹ) سانحہ لاہور کے خود کش حملہ آورکا خاکہ تیار کرلیا گیا ہے۔ جاری ہونیوالے خاکے کے مطابق خودکش حملہ آور کی عمر 17 سے 21 سال کے درمیان اور اسکی ہلکی ہلکی داڑھی بھی ہے جبکہ اسکی ناک چپٹی ہوئی ہے۔ زخمیوں کو بھی خاکہ دکھایا جا رہا ہے اور نادرا سے بھی اسکا ریکارڈ چیک کیا جا رہا ہے۔ دھماکے میں استعمال ہونے والے بارودی مواد کی بھی شناخت کرلی گئی ہے۔ یوحنا آباد اور واہگہ بارڈر پر ہونے والے دھماکوں سے اس دھماکے کی کافی مماثلت پائی گئی ہے۔ ان تمام حقائق کو سامنے رکھتے ہوئے اس دھماکے کی تحقیقات کی جارہی ہے اور یہ جاننے کی کوشش کی جا رہی ہے کہ اس میں کونسا نیٹ ورک استعمال ہوا ہے۔ علاوہ ازیں پولیس افسروں کی جانب سے سانحہ گلشن اقبال پارک میں خودکش حملہ آور کی شناخت سے متعلق جعلی اطلاعات ’’ڈس انفارمیشن‘‘ پھیلا کر معاملے سے توجہ ہٹانے کی ناکام کوشش کی گئی۔ پولیس کی جانب سے موقع پر سے یوسف نامی نوجوان کا شناختی کارڈ ملنے پر اسے خودکش حملہ آور قرار دینے کی تمام کارروائی جعلی ثابت ہوئی ہے۔ ذرائع کے مطابق پولیس کی جانب سے موقع سے ملنے والے یوسف نامی نوجوان کے شناختی کارڈ کو میڈیا پر لا کر اسے ہی خودکش حملہ آور قرار دیا گیا۔ مظفر گڑھ کے رہائشی یوسف ولد غلام فرید کو پولیس کی جانب سے تو واقعہ کے چند منٹوں بعد ہی خودکش حملہ آور قرار دیکر معاملہ نپٹانے کی کوشش کی گئی مگر ذرائع کے مطابق اب اصل صورتحال سامنے آئی ہے کہ حملہ آور یوسف نہیں بلکہ ازبک شہری ہے جس سے پولیس کی جعلی کارکردگی کی قلعی کھل گئی ہے۔آئی این پی کے مطابق سانحہ گلشن پارک میں ابتدائی طور پر پولیس کی جانب سے خودکش حملہ آور قرار دیئے جانے والے محمد یوسف کے قریبی ساتھی محمد یعقوب نے کہا ہے کہ یوسف ان کے ساتھ پارک گیا وہ حملہ آور نہیں ہوسکتا۔ یوسف اور انکا ایک دوست بلال ایک ساتھ موٹر سائیکل پر پارک گئے، وہاں تصاویر بنوائیں اور نماز پڑھی۔ یوسف اور بلال دھماکے میں جاں بحق ہو گئے جبکہ وہ زخمی ہوا۔ دی نیشن رپورٹ کے مطابق سی سی پی او لاہور امین وینس نے کہا ہے کہ ابھی تک خودکش بمبار کے بارے میں معلوم نہیں ہوسکا کہ وہ کون تھا۔نوائے وقت رپورٹ کے مطابق لاہور میں خودکش حملہ کالعدم جماعت الاحرار کے صلاح الدین نے کیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق محمد یوسف نامی شخص حملہ آور نہیں تھا، حملہ صلاح الدین نامی دہشت گرد نے کیا۔