• news

وقت آگیا تمام صوبوں میں دہشت گردوں کا پیچھاکیا جائے:عمران

لاہور (آئی این پی) عمران خان نے کہا ہے کہ وقت آگیا ہے کہ تمام صوبوں میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کیا جائے، پولیس نے دہشت گردوں کے خلاف لڑنا ہوتا ہے، انہیں سیاسی مقاصد اور مخالفین کے خلاف استعمال کیا جاتا ہے، حکومت شہریوں کے تحفظ میں ناکام ہوچکی ہے، نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد کے ساتھ ساتھ پولیس کو بھی ٹھیک کیا جائے۔ وہ پیر کو جناح ہسپتال میں میڈیا سے گفتگوکررہے تھے۔ عمران نے کہا کہ اسلام کا نام استعمال کرکے دہشت گرد لوگوں کو اسلام سے دورکر رہے ہیں۔ لاہور سانحہ کے بعد اب وقت آگیا ہے کہ پھر سے عہد کرکے سارے صوبوں میں دہشت گردوں کا پیچھا کیا جائے۔ پنجاب، سندھ، بلوچستان، خیبر پی کے میں دہشت گردوں کا خاتمہ یقینی بنایا جائے۔ پولیس کو وی آئی پیز کی سکیورٹی، سیاسی مقاصد اور مخالفین کے خلاف استعمال کیا جاتا ہے، اگر ایسا ہی ہوتا رہا تو پولیس کبھی ٹھیک نہیں ہو سکتی۔ دہشت گردی روکنا پولیس کا بھی کام ہے، وقت آگیا ہے کہ اب پولیس کو بھی غیر سیاسی بنایا جائے۔ حکومت کا کام قانون بنانا اور پولیس کا کام اس پر عملدرآمد کرانا ہوتا ہے۔ اورنج ٹرین پر 200ارب روپے، سکیورٹی کے لئے ایک پیسہ خرچ نہیں کیا جاتا، سکیورٹی ہوگی تو ملک میں سرمایہ کاری آئے گی اور لوگ خوشحال ہونگے۔ قبل ازیں عمران خان کی جناح اور شیخ زید ہسپتال میں آمد پر بدنظمی کا مظاہرہ دیکھنے میں آیا۔ کارکنوں نے جناح ہسپتال کے وارڈ کا شیشہ توڑ دیا جبکہ شیخ زید ہسپتال میں عمران مریضوں کی عیادت کے بغیر ہی واپس روانہ ہوگئے۔ خصوصی رپورٹر کے مطابق عمران نے کہا کہ ساری سکیورٹی وی وی آئی پیز کے لئے لگی ہوئی ہے اور عوام کو دہشتگردوں کے رحم و کرم پر چھوڑا ہوا ہے۔ بعدازاں عمران خان جامعہ اشرفیہ میں مولانا عبید اللہ کی تعزیت کے لئے پہنچے اور حافظ فضل الرحیم حافظ اسعد عبید اور ان کے لواحقین سے افسوس کا اظہار کیا۔ میڈیا سے گفتگو میں عمران خان نے کہا کہ بھارت کے ساتھ دوستی اپنی جگہ دہشت گردی کے معاملے کو سنجیدگی کے ساتھ ہر فورم پر اٹھایا جائے۔ حکومت کو چاہیے کہ بھارت کو دہشت گردی روکنے کے لئے ٹھوس اقدام کرنے کو کہے۔ پاکستان سے دہشت گردوں کو فنڈنگ کرنے والا بھارتی جاسوس پکڑا گیا اس کے بعد اس بات کو یقنی بنانا چاہیے تھا کہ اس کا کوئی ردعمل نہ ہو۔

ای پیپر-دی نیشن