صرف میں ہی مسئلہ حل کرسکتا ہوں، سانحہ لاہور پر ٹرمپ کا ردعمل، مذمت نہیں کی
واشنگٹن (این این آئی+ رائٹرز) امریکی صدارت کی دوڑ میں شامل ری پبلکن امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نے لاہور کے گلشن اقبال پارک میں ہونے والے خودکش حملے کے حوالے سے کہا ہے کہ صرف وہ ہی اسے حل کرسکتے ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں مسیحی خواتین اور بچوں کو نشانہ بنانے والے ایک اور بنیاد پرست حملے کا تذکرہ کرتے ہوئے لکھا کہ صرف وہ ہی یہ مسئلہ حل کر سکتے ہیں، تاہم انہوں نے مسئلے کی وضاحت نہیں کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ لوگ سمجھتے ہیں کہ صرف ’شدت پسند‘ امریکہ سے نفرت کرتے ہیں، لیکن زیادہ تر لوگ حقیقت سے آگاہ نہیں ہیں کہ عالمِ اسلام کی اکثریت امریکہ سے سخت نفرت کرتی ہے۔ دریں اثناء رائٹرز کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے نیٹو پر تنقید کرتے واشنگٹن میں جوہری سلامتی کی کانفرنس سے قبل اس 28 ملکی تنظیم کی اوورہالنگ کا مطالبہ کر دیا۔ امریکی صدر باراک اوباما پرسوں جمعرات کو کانفرنس کی میزبانی کرینگے جس میں 56 ملکوں کے وفود شرکت کر رہے ہیں۔ ٹرمپ نے ’’نیویارک ٹائمز‘‘ میں شائع اپنے انٹرویو میں کہا کہ وہ صدر بنے تو جنوبی کوریا اور جاپان کو ایٹمی ہتھیار بنانے کی اجازت دے دینگے تاکہ شمالی کوریا اور چین سے خطرے کی صورت میں انہیں امریکہ پر انحصار نہ کرنا پڑے۔ ٹرمپ نے کہا نیٹو اب بے فائدہ ہو رہی ہے۔