• news

سکیورٹی خدشات، چڑیا گھر کو عوام کیلئے بند کر دیا گیا

لاہور (سپورٹس رپورٹر) گلشن اقبال پارک کے واقعہ کے بعد گذشتہ روز لاہور چڑیا گھر کو سکیورٹی خدشات کی بنا پر مکمل طور پر بند رکھا گیا جبکہ اگلے 24 گھنٹوں میں بھی چڑیا گھر کو عوام کے لیے کھولنے کے امکانات انتہائی کم ہیں۔ ڈائریکٹر لاہور چڑیا گھر شفقت علی نے بتایا سکیورٹی اداروں کی جانب سے مکمل سکیورٹی کلیئرنس ملنے تک چڑیا گھر کو نہیں کھولا جائے گا۔ دوسری جانب ڈائریکڑ جنرل وائلڈ لائف اینڈ پارکس پنجاب/ چیئرمین زو مینجنٹ کمیٹی خالد عیاض خان نے گذشتہ روز لاہور چڑیاگھر کا دورہ کیا۔ علاوہ ازیں خالد عیاض خان نے کہا ہے کہ سفاری زو پارک اور چڑیا گھر لاہور کے داخلی راستوں پر واک تھرو گیٹس نصب کرنے کا فیصلہ کیا گیاہے۔ تفریح کے لئے آنے والوں کی فول پروف سکیورٹی یقینی بنانے کے لئے ہر وزیٹرکو واک تھر وگیٹس اور سکینرز کے ذریعے چیک کیا جائے گا۔

ای پیپر-دی نیشن