• news

وزیراعظم نواز شریف کے خطاب میں اقدامات اور فیصلوں کا کوئی ذکر نہیں تھا

اسلام آباد (عترت جعفری) وزیراعظم نواز شریف کے قوم سے خطاب میں دہشت گردی کیخلاف لڑنے کے عزم کے اعادہ‘ دہشت گردوں سے حساب چکانے‘ لاہور کی دہشت گردی کا نشانہ بننے والوں سے اظہار ہمدردی اور اسلام آباد میں دھرنا دینے والوں کیلئے وارننگ تو موجود تھی تاہم انکی تقریر میں ان فیصلوں اور اقدامات کا کوئی ذکر نہیں تھا جو پیر کو سارا دن میڈیا میں نمایاں طورپر بیان کئے جاتے رہے۔ وزیراعظم نے دورہ امریکہ منسوخ کر کے درست فیصلہ کیا۔ توقع کی جا رہی تھی کہ وزیراعظم تقریر میں دہشت گردی کے خاتمہ کے حوالے سے مزید ٹھوس اقدامات کا اعلان کریں گے اور گزشتہ 24 گھنٹے میں سکیورٹی کے حوالے سے دو اہم اجلاسوں میں ہونے والے فیصلوں کی روشنی میں دہشت گردوں کے گرد گھیرا تنگ کرنے کی تفصیل بتائیں گے۔ وزیراعظم اسلام آباد کے دھرنا سے متفکر ہیں اور اس سوال کا جواب تلاش کرنا پڑے گا اتنی فورس کی موجودگی میں سارا راولپنڈی عبور کر کے مظاہرین ریڈ زون تک کیسے پہنچ گئے؟ حکومت موجودہ دھرنے کی طوالت کی متحمل نہیں ہو سکتی اسے جلد صورتحال کی بہتری کیلئے عملی اقدامات کرنا پڑیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن