• news

وزارت خارجہ کل بھوشن کی مدد کرے: بھارتی وزیر دفاع : ’’را‘‘ کے مزید 5 ایجنٹ گرفتار

اسلام آباد + نئی دہلی (نوائے وقت رپورٹ+ صباح نیوز) بھارتی ایجنٹ کل بھوشن یادیو نے ساتھیوں کے نام اُگل دئیے ہیں۔ کل بھوشن یادیو کی نشاندہی پر ’’را‘‘ کے 5 ایجنٹ گرفتار کر لئے گئے ہیں۔ حساس اداروں نے کراچی‘ پنجاب اور بلوچستان میں چھاپے مارے۔ قلات سے دیپک کمار پرکاش‘ کراچی سے ندیم اور محمد شفیق کو گرفتار کیا گیا۔ دیپک کمار پرکاش کو بھارتی ہائی کمشن کے انڈر کور افسر نے ’’را‘‘ سے منسلک کرایا۔ دیپک کمار پرکاش 2014ء میں بھارت یاترا کیلئے گیا تھا۔ دیپک کمار کو بھارتی ویزے میں توسیع اور 50 ہزار روپے دئیے گئے تھے۔ دیپک کمار کے بھارت میں مقیم بھائی کو بھی 5 لاکھ روپے دئیے گئے۔ کل بھوشن یادیو اور اس کے ساتھی کا ہدف سی پیک منصوبہ اور کراچی تھا۔ آئی این پی کے مطابق مزید گرفتاریوں کا بھی امکان ہے۔دوسری طرف بھارتی وزیر دفاع منوہر پاریکر نے پاکستان میں گرفتار را کے ایجنٹ کل بھوشن یادیو کی ہر ممکن مدد کیلئے بھارتی وزارت خارجہ سے سفارش کر دی۔ ان کا کہنا تھا کل بھوشن نیوی میں کمانڈر رہا ہے اس کی مدد کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی وزیر دفاع کا کہنا تھا کل بھوشن یادیو بھارتی شہری ہے لیکن ’’را‘‘ سے تعلق نہیں یوں بھارت سرکار اپنے فوجی اہلکار کی مدد کے لیے کھل کر میدان میں آ گئی۔ بھارتی وزیر دفاع منوہر پاریکر نے یہ بھی مان لیا کل بھوشن یادیو نیوی میں کمانڈر رہا ہے۔ انہوں نے بھارتی وزارت خارجہ سے کل بھوشن یادیو کی ہر ممکن مدد کی سفارش بھی کر دی۔ پہلے لا تعلقی اور اب رہائی کی تگ و دو ظاہر کرتا ہے کل بھوشن یادیو کی گرفتاری مودی سرکار کے لیے بڑا دھچکا ہے اسی لیے تو ان کی رہائی کے لیے تگ و دو کی جا رہی ہے۔ آئی این پی کے مطابق بھارتی وزیردفاع منوہر پریکر نے اعتراف کیا ہے پاکستان میں گرفتار ہونے والا کل بھوشن یادیو ہمارا قابل احترام سابق فوجی افسر ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق گوا میں دفاعی نمائش کے موقع پر گفتگوکرتے ہوئے منوہر پریکر کا کہنا تھاکہ ہم نے وزارت خارجہ سے کہا ہے کل بھوشن یادیو کی بھرپور مدد کی جائے، کل بھوشن کی رہائی کے لئے ہر ممکن کوشش کررہے ہیں ، بھارت کی جانب سے قونصلر رسائی کے لئے بھی کہا گیاہے۔

ای پیپر-دی نیشن