• news

تحقیقاتی کمیٹی شکست کی وجوہات کا شفاف انداز سے جائزہ لیگی : شکیل شیخ

لاہور( سپورٹس رپورٹر+ نمائندہ سپورٹس) ایشیا کپ اور ٹی ٹونٹی ورلڈکپ میں قومی کرکٹ ٹیم کی شکست، کوچنگ اور سلیکشن کے معاملات کی تحقیقات کے لئے بنائی گئی پی سی بی کمیٹی کے سربراہ شکیل شیخ نے کہا ہے کہ کمیٹی قذافی سٹیڈیم لاہور میں مسلسل تین روز تک اجلاس منعقد کرے گی اور آئندہ پیر تک اپنی رپورٹ کو حتمی شکل دے کر چیئرمین پی سی بی شہریار خان کے حوالے کر دے گی۔ شکیل شیخ نے بتایاکہ کمیٹی کا اجلاس بدھ اور جمعرات کو بھی جاری رہے گا۔ اجلاس کے پہلے روز ٹیم مینجمنٹ کے اراکین ہیڈ کوچ وقار یونس، مینجر انتخاب عالم، میڈیا مینجر آغا اکبر اور کپتان شاہد آفریدی کوکمیٹی کے روبرو بلایا گیا ہے اور کپتان شاہد آفریدی اگر دبئی میں ہونے کی وجہ سے آج نہ آسکے تو پھر وہ کل پیش ہوکر ایشیا کپ اور ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں شکست کی وجوہات سے کمیٹی کوآگاہ کریں گے۔کمیٹی کے اجلاس میں سابق کرکٹرز کو بھی بلایا گیا ہے جو کہ کمیٹی کو شکست کی وجوہات کے متعلق رائے سے آگاہ کریں گے۔ کمیٹی پاکستانی صحافیوں کو نظر انداز کرکے بھارتی صحافیوں کو پاکستانی ٹی ٹونٹی کرکٹ ٹیم کے کپتان سمیت دیگر کھلاڑیوں اور عہدیداران کے متنازعہ انٹر ویو کروانے کی شکایات کا بھی جائزہ لے گی۔ کمیٹی ایشیا کپ اور ورلڈ کپ کے دوران قومی ٹی ٹونٹی کرکٹ ٹیم اور مینجمنٹ کے بارے میں ملنے والی تمام شکایات کا شفاف انداز سے جائزہ لے گی۔

ای پیپر-دی نیشن