قانون سے زیادہ طاقتور ’’سپر ماڈل‘‘
مکرمی! پاگل اور جانور قانون سے مستثنیٰ سمجھے جاتے ہیں ان کے علاوہ ہمارے ہاں ایک اور سپر مخلوق جو نہ تو پاگل ہے اور نہ ہی جانوروں میں شامل ہے مگر اس کو بھی قانونی استثنیٰ حاصل ہے وہ نہ جانے کیوں؟ اعلیٰ اختیارات کی حامل اس مخلوق کے کچھ چہیتے اور چہیتیوں کو بھی کسی نہ کسی انداز میں یہ سہولت ملتی رہتی ہے اور قانون ان کے سامنے بھی سجدہ ریز ہو جاتا ہے۔ اس کی تازہ ترین مثال اس ایک سپر ماڈل کی ہے جو آج کل میڈیا میں بڑی IN جا رہی ہے، رنگے منہ اور رنگے ہاتھوں ایک جرم میں پکڑی جانے والی اس دوشیزہ کا قانون ابھی تک نہ کوئی بال بیکا کر سکا اور نہ ہی اس کا میک اپ اتار سکا، خبریں ہیں کہ VVIP یہ چڑیا پُھر سے اڑ کر دوبئی جانے والی ہے اور وہ بھی قانون اور پاکستانی نظام و انصرام کا منہ چڑاتے ہوئے۔ سچ کہا کسی نے کہ …؎
زنانی منگے پیڑے اوہنوں دین والے بتھیرے
بندہ منگے آٹا اوہنوں آٹے دا وی گھاٹا
جن لوگوں کا یہ خیال ہے کہ قانون کے ہاتھ لمبے ہوتے ہیں وہ اپنے خیالات میں ترامیم کرلیں یہاں ہر سپر کے ہاتھ نہ صرف لمبے ہیں بلکہ ساتھ ناخن بھی لمبے ہیں جو قانون کا منہ نوچ لیتے ہیں۔(محسن امین تارڑ ایڈووکیٹ، گوجرانوالہ)