• news

توڑ پھوڑ والے دھرنے کے مقاصد اور ہفں ہم سے موازنہ نہ کیا جائے :عمران

ایبٹ آباد (آئی این پی) عمران خان نے کہا ہے کہ موجودہ دھرنے کا ہمارے دھرنے سے موازنہ نہ کیا جائے، ہمارے دھرنے کا مقصد اور ان کا اور ہے، 126دن تک دھرنا دیا ایک گملہ بھی نہیں ٹوٹا، قانون کی بالادستی قائم کرنا حکومت کا کام ہے، پنجاب میں پولیس غیر سیاسی نہیں، پولیس کے کام نہ کرنے پر صوبوں میں رینجرز بار بار بلائی جا رہی ہے، ہم صوبے میں نہیں قبائل کے بارڈرز پر تعیناتی کیلئے رینجرز مانگ رہے ہیں، پل اور سڑکیں بنانے سے تبدیلی نہیں آتی، زلزلے کو 11سال گزرگئے وفاقی حکومت نے700 سکولوں پر کام شروع نہیں کیا، حکومت کو بیرونی امداد کے طور پر15ارب ملے، نواز شریف نے 4 ارب دینے کا وعدہ کیا تھا وہ بھی نہیں دیئے، بیرون ممالک کی فنڈنگ کہاں گئی تحقیقات ہونی چاہئے۔ وہ منگل کو ایبٹ آباد میں گرلز سکول کا سنگ بنیاد رکھنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ 2005ء کے زلزلے میں ہزارہ ڈویژن میں تقریباً اڑھائی ہزار سکول متاثر ہوئے تھے، صرف 700 سکولوں پر کام شروع کیا گیا، گیارہ سال پہلے شروع ہونے والے اس کام کو آج تک مکمل نہیں کیا جا سکا، 600 سکولوں پر تو کام شروع ہی نہیں کیا گیا اور زلزلے سے متاثر ہونے والے ساڑھے سات سو سکول کا ملبہ تک ’ایرا‘ اٹھا کر لے گیا، وہ سکول ویسے کے ویسے ہی پڑے ہیں، اب صوبائی حکومت نے ان سکولوں کی تعمیر نو کا کام اپنے ذمے لیا ہے اور سات ارب روپے خرچ کئے جا رہے ہیں، حالانکہ یہ پیسے بیرونی فنڈنگ کی شکل میں ایرا کے پاس آئے تھے۔ عمران خان نے کہا کہ نواز شریف نے کہا تھا کہ ان سکولوں کی بحالی کیلئے 4 ارب روپے دیں گے، ایک سال ہونے کو ہے ابھی تک ایک پیسہ بھی نہیں دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پی کے میں 29 ہزار سکول ہیں، جن میں سے 10ہزار سکولوں میں سے کسی کی دیواریں نہیں اور کسی میں ٹائلٹ اور کسی میں بجلی نہیں ہے، صوبائی حکومت نے دائرہ کار میں نہ ہونے کے باوجود ان سکولوں پر کام کیا اور اب صرف پانچ فیصد ایسے ہیں جن کی دیواریں نہیں ہیں۔ ملک کے مستقبل کیلئے تعلیم سب سے زیادہ ضروری ہے، صوبائی حکومت نے سب سے زیادہ بجٹ تعلیم کیلئے رکھا ہے۔ حکومت لاہور میں 27کلو میٹر کی اورنج ٹرین پر 200 ارب روپے لگا رہی ہے لیکن زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں سکول نہ ہونے کے باعث بچوں کی تعلیم متاثر ہو رہی ہے، اس پر کوئی توجہ نہیں دی جا رہی۔ خیبر پی کے میں پولیس غیر سیاسی ہو چکی ہے جو صوبے میں تبدیلی کا واضح ثبوت ہے، خیبر پی کے میں ایک ایکٹ منظور کرنے جا رہے ہیں، جس کے ذریعے پولیس میں ذرا سی بھی سیاسی مداخلت نہیں ہو سکے گی، اداروں میں بہتری اور شفافیت آئے گی تب ہی ملک ترقی کرے گا، ہمارا دھرنا دھاندلی کے خلاف تھا، تمام سیاسی جماعتوں نے کہا تھا کہ عام انتخابات میں دھاندلی ہوئی ہے، ہمارے جائز مطالبے پر گولیاں چلائی گئیں، توڑ پھوڑ والے دھرنے کا مقصد اور ہے اور ہمارے دھرنے کا مقصد اور تھا۔

ای پیپر-دی نیشن