بلاول کے جلسہ رحیم یار خان نے مخالفین کی نیندیں حرام کر دیں:مخدوم احمد محمود
لاہور(خبر نگار) پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب کے صدر و سابق گورنر پنجاب مخدوم سید احمد محمود نے کہا ہے کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے دورہ جنوبی کے موقع پر رحیم یار خان میں کامیاب جلسہ نے مخالفین کی نیندیں حرام کر دیں پیپلز پارٹی کی عوام رابطہ مہم اور پنجاب کے دیگر اضلاع میں آئندہ ہونے والے جلسے ملک کی سیاسی صورتحال کا نقشہ تبدیل اور نئی راہیں متعین کرینگے یہ بات انہوں نے جنرل سیکرٹری شوکت بسراء کے ہمراہ کہی ۔ انہوں نے کہا کہ کہ بھٹو خاندان کی قربانیاں کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ۔انہوں نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی آئندہ انتخابات میں عوامی منشور کے مطابق زیادہ پر اعتماد طریقے میدان میں اترے گی جو چاروں صوبائی اسمبلیوں سمیت وفاق میں واضح اکثریت حاصل کر کے حکومتیں قائم کریگی۔ انہو ں نے لاہور کے گلشن اقبال پارک میں خود کش دھماکہ میں خواتین بچوں سمیت 70 سے زائد بے گناہ افراد کے جاں بحق اور 350 سے زائد افراد کے زخمی ہونے پر گہرے دکھ اور حکومتی کارکردگی پر تشویش کا اظہار مجرموں کی فوری گرفتار ی اور سیکورٹی معاملات میں غفلت برتنے والے ذمہ داران کے خلاف سخت کارروائی کے مطالبے سمیت سوگوار خاندانوں سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے کہا کہ وہ دکھ اور مشکل کی اس گھڑی میں انکے غم میں برابر کے شریک ہیں۔