معلومات تک رسائی کا حق کے موضوع پر سی پی این کا سیمینار
کراچی (پ ر) کونسل آف پاکستان نیوزپیپر ایڈیٹرز (سی پی این ای) کے زیر اہتمام معلومات تک رسائی کے حق (Right to Information - RTI) کے موضوع پر ایک سیمینار ہوا۔ صوبائی وزیر نثار احمد کھوڑو، مشیر اطلاعات سندھ مولا بخش چانڈیو، مسلم لیگ (فنکشنل) کی رکن صوبائی اسمبلی مہتاب اکبر راشدی، متحدہ قومی موومنٹ کے رکن صوبائی اسمبلی خالد افتخار، تحریک انصاف کے رکن صوبائی اسمبلی حفیظ الدین سمیت مختلف پارٹیوں کے رہنماؤں ،اخبارات کے ایڈیٹروں، سینئر صحافیوں، کالم نویسوں اور دیگر نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔سینئر صوبائی وزیر نثار کھوڑو نے کہا کہ سندھ اسمبلی سے تمام صوبوں سے اچھا قانون منظور کرائیں گے۔ اس موقع پر سی پی این ای کے صدر مجیب الرحمان شامی نے کہا کہ سی پی این ای نے بین الاقوامی ادارے یو ایس ایڈ کے تعاون سے آر ٹی آئی کے قانونی مسودے کی تیاری کے لئے پورا سال عوامی آگاہی مہم چلائی جس میں 50 کے قریب ایڈیٹرز، 100 کے قریب سینئر صحافی اور 30 سے زیادہ یونیورسٹیز کے تقریباً 4000 طلبہ و طالبات سے رائے لیتے ہوئے قانونی مسودہ کو حتمی شکل دی۔ انہوں نے مزید کہا کہ سی پی این ای آزادی اظہار رائے، آزادیٔ صحافت سمیت تمام بنیادی انسانی حقوق کو اجاگر کرنے کے لئے اپنا کردار ادا کرتی رہے گی، ہم کسی بیرونی ایجنڈے پر عمل نہیں کر سکتے۔ سی پی این ای کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر جبار خٹک نے کہا کہ اٹھارویں آئینی ترمیم روشن باب ہے اور رائٹ ٹو انفارمیشن بنیادی حقوق کی حیثیت رکھتا ہے۔