بھٹو کی برسی کا اہتمام ہمیشہ خود کیا، اڑھائی کروڑ سرکاری فنڈ کا الزام غلط ہے: بلاول
کراچی (آن لائن) چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ پیپلزپارٹی نے ہمیشہ ذوالفقار علی بھٹو کی برسی کی تقریب کا اہتمام اپنے پیسوں سے کیا ہے، پیپلزپارٹی پر بے بنیاد الزامات لگائے جا رہے ہیں، وزیراعلیٰ سندھ معاملے کی تحقیقات کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ذوالفقار علی بھٹو کی برسی کے لئے سندھ حکومت کی طرف سے اڑھائی کروڑ روپے کے فنڈز جاری ہونے کے معاملے پر نوٹس لیتے ہوئے کیا۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ اگر کسی نے برسی کے نام پر فنڈز حاصل کئے ہیں تو ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ وزیراعلیٰ سندھ فوری طور پر تحقیقات کریں، برسی کے نام پر فنڈز کس کے کہنے پر اور کیوں جاری کیے گئے۔