فرانس میں دہشتگردوں کی شہریت ختم کرنے کی تجویز نامنظور
پیرس (بی بی سی ڈاٹ کام) فرانس کے صدر فرانسوا اولاند نے دہشتگردی کے الزام میں سزا پانے والے شہریوں کی شہریت ختم کرنے کیلئے مجوزہ آئینی ترمیم کو ختم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ فرانس کی پارلیمنٹ کے دونوں ایوان دہشتگردی میں ملوث فرانسیسی شہریوں کی شہریت کو ختم کرنے کے مجوزہ مسودہ قانون پر متفق نہیں ہو سکے۔ فرانس کے صدر فرانسوا اولاند نے کہا کہ اب اس مجوزہ ترمیم پر اتفاق ناممکن ہو چکا ہے۔ دہشتگردی میں ملوث فرانسیسی شہریوں کی شہریت ختم کرنے کی تجویز نومبر میں پیرس پر دہشتگردانہ حملوں کے بعد پیش کی گئی تھی۔ پارلیمان کی جانب سے کی جانے والے ترامیم کے تحت دہشت گردوں کی شہریت منسوخ کرنے کے علاوہ آئین میں ایمرجنسی کے نفاذ کی دفعات بھی مستقل طور پر شامل کی گئیں۔