انگلینڈ نیوزی لینڈ کو ہرا کر فائنل میں پہنچ گیا
دہلی(سپورٹس ڈیسک)بھارت میںجاری ٹی ٹونٹی ورلڈکپ میں انگلینڈکی مینزجبکہ آسٹریلوی خواتین فائنل میں پہنچ گئیں۔مینز میں آئن مورگن نے ٹاس جیت کر نیوزی لینڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔مارٹن گپٹل نے پہلے اوور میں کپتان کین ولیم سن کے ساتھ مل کر 11 رنز بنائے تاہم دوسرے اوور میں 17 کے مجموعی سکور پر 15 رنز بنا کر ڈیوڈ ویلی کا شکاربنے۔کین ولیم سن اور کولن منرو نے دوسری وکٹ کی شراکت میں 74 رنز کا اضافہ کیا،ولیم سن 32 رنز بنا کر 91 کے مجموعے پر معین علی کی وکٹ بن گئے۔ کولن منرو 46 ‘کوری اینڈرسن نے 28 ‘روس ٹیلر 6، لیوک رونچی 3، مچل سینٹنر 7، مک کلینگن ایک رن بنا کرپویلین لوٹ گئے۔نیوزی لینڈ نے 7 وکٹوں پر 153 رنز بنائے۔ بین سٹوکس نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔ انگلینڈنے پہلی وکٹ کی شراکت میں 82 رنز بنائے، الیکس ہیلز 20 رنز بنا کر آؤٹ ہونے والے انگلینڈ کے پہلے بلے باز تھے۔جو روٹ اور جیسن روئے کی رفاقت میں 28 رنز بنے تھے کہ جیسن روئے 78 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے۔کپتان آئن مورگن کوئی رن بنانے میں ناکام رہے۔جو روٹ 27 اور جوز بٹلر 32 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔انگلینڈ نے ہدف 3 وکٹوں پر 18 ویں اوور کی پہلی گیند پر حاصل کرلیا۔جیسن روئے کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ویمنز ورلڈ ٹی ٹونٹی کے پہلے سیمی فائنل میں آسٹریلیا نے انگلینڈ ویمن ٹیم کو 5 رنز سے شکست دے کر مسلسل چوتھی دفعہ فائنل میں جگہ بنالی۔دہلی کے فیروز شاہ کوٹلہ میں کھیلے گئیمیچ کا ٹاس انگلینڈ نے جیت کر آسٹریلیا کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔آسٹریلیاویمن ٹیم کی کپتان میگ لیننگ 55 رنز بنا کر سب سے کامیاب بلے باز رہیں جبکہ اوپنر علیسا ہیلی 25 رنز اور ایلیس ویلانی 19 رنز بنا کر نمایاں رہیں۔آسٹریلیا ویمن ٹیم نے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 132 رنز بنا لئے تھے۔انگلینڈ کی نیتالی سیور نے دو وکٹیں حاصل کیں۔پہلی وکٹ میں 67 رنز کی بہترین شراکت کے باوجود انگلینڈ ویمن ٹیم مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 127 رنز بنا سکی اور 5 رنز سے شکست کھا کر ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے فائنل کی دوڑ سے باہر ہوگئی۔کپتان شیرولٹ ایڈورڈز 31، ٹیمی بیوماؤنٹ 32 اور سارا ٹیلر 21 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہیں۔میگان شٹ نے 2 وکٹیں اپنے نام کیں ۔آسٹریلین کپتان میگ لیننگ کومیچ کی بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔