مظاہرین ریڈ زون کیسے پہنچے وزارت داخلہ جواب دے: خورشید شاہ
سکھر (آن لائن + آئی این پی + نوائے وقت رپورٹ) قومی اسمبلی میں قائدحزب اختلاف سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ حکومت پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی بجائے کمی کرے، اسلام آباد کے ریڈ زون میں داخلے کیلئے ہمیں چیکنگ کرانا پڑتی ہے تو مظاہرین ریڈ زون میں کیسے داخل ہوئے وزارت داخلہ اس کا جواب دے۔ سکھر میں بیت المال کے زیر اہتمام چلنے والے یتیم بچوں کے ادارے سویٹ ہوم میں بچوں کی سالگرہ کی تقریب میں شرکت کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ آخر وہ کون لوگ ہیں جو اپنی ہی حکومت کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کررہے ہیں لگتا ہے کہ حکومت کی کشتی اللہ کے آسرے پر چل رہی ہے۔ لاہور کا واقعہ قابل مذمت ہے لاہور واقعہ پر تو وزیر اعظم نے قوم سے خطاب کر دیا پشاور اور چارسدہ کے واقعات بھی تو اس جیسے تھے ان پر وزیر اعظم نے کیوں قوم سے خطاب نہیں کیا وہ صرف لاہور نہیں پورے ملک کے وزیراعظم ہیں۔ سپریم کورٹ نے کہا کہ مشرف کو ہم نے نہیں حکومت نے چھوڑا ہے۔ را کے افسر کی گرفتاری پرپاکستان عالمی سطح پر بھارت پر دبائو ڈالے اور بتائے کہ بھارت پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی سازشیں کر رہا ہے۔