خریف : ارسا نے پانی کے صوبائی کوٹہ کی منظوری دیدی ‘سندھ کو 3 کروڑ 39 لاکھ‘ پنجاب کو 3 کروڑ 70 لاکھ ایکڑ فٹ پانی ملے گا
اسلام آباد(خبرنگار) ارسا نے صوبوں کیلئے خریف سیزن کے دوران پانی کے کوٹے کی منظوری دیدی ہے۔ حالیہ بارشوں کے باعث خریف سیزن میں صوبوں کو پانی کی قلت کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔ ارسا کی ایڈوائزری کمیٹی کا اجلاس چیئرمین ارسا راؤ ارشاد علی کی سربراہی میں ہوا۔ اجلاس کے دوران ایڈائزری کمیٹی نے صوبوں کیلئے خریف سیزن میں پانی کوٹے کی منظوری دی۔خریف سیزن میں مجموعی طور پر7کروڑ 44لاکھ ایکڑ فٹ پانی دستیاب ہوگا۔ خریف سیزن میں سندھ کیلئے 3کروڑ 39لاکھ 4ہزار اور پنجاب کیلئے 3کروڑ 70لاکھ 7ہزار ایکڑفٹ پانی فراہمی کی منظوری دی گئی۔ خیبرپختونخواہ کیلئے 8لاکھ 20ہزار اوربلوچستان کیلئے 25لاکھ60ہزارایکڑفٹ پانی کی منظوری دی گئی۔ گذشتہ سال کے مقابلے میں صوبوں کیلئے 90لاکھ ایکڑ فٹ اضافی پانی دستیاب ہوگا۔