قطر: فیفا ورلڈکپ‘ سٹیڈیمز تیار کرنیوالے مزدور جبری مشقت کا شکار ہیں: ایمنسٹی انٹرنیشنل
نیو یارک+دوحہ (نمائندہ خصوصی +اے پی پی) انسانی حقوق کی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل نے الزام عائد کیا ہے کہ قطر میں 2022ء کے فیفا ورلڈ کپ کے لئے بنائے جانے والے سٹیڈیمز میں مزدوروں سے جبری مشقت کروائی جا رہی ہے۔ برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق ایمنسٹی کا الزام ہے کہ خلیفہ انٹرنیشنل سٹیڈیم میں مزدوروں کو جبراً گندی جگہ رہنے پر مجبور کیا گیا ہے۔ ان سے بھرتی کے لئے بھاری فیس وصول کی گئی اور ان کی تنخواہیں اور پاسپورٹ ضبط کر لیے گئے ہیں۔ ادارے نے فٹ بال کی عالمی تنظیم فیفا پر بھی الزام عائد کیا کہ وہ اس ٹورنامنٹ کے انعقاد کے لیے انسانی حقوق کی پامالی کو روکنے میں ناکام رہا ہے۔ قطر کا کہنا ہے کہ وہ ان الزامات پر پریشان ہے اور اس کی تحقیقات کی جائیں گی۔ قطر کی حکومت نے کہا ہے کہ تارکینِ وطن مزدوروں کی فلاح ان کی ترجیح ہے۔ حکومت نے اصرار کیا کہ وہ قطر میں مزدوروں سے متعلق قوانین میں اصلاحات کے لئے پر عزم ہے۔