• news

حکومت شریفوں کی ہے کام ایک بھی ایسا نہیں: فضل الرحمن

کندیاں/ کراچی (این این آئی) جے یو آئی کے مرکزی امیر مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ اسلام امن وآشتی کا دین ہے اس میں دہشت گردی کی کوئی گنجائش نہیں، مذہب اور سیاست کا چولی دامن کا ساتھ ہے۔ یہاں حکومت ہی شریفوں کی ہے اور کام یہاں ایک بھی شریفوں والا نہیں ہو رہا۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے خانقاہ سراجیہ کندیاں میں سالانہ اختتام صحیح بخاری شریف کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ فضل الرحمن نے کہا کہ حقوق نسواں بل یہود و نصاریٰ اور این جی اوز کی شرارت ہے۔ قومی اسمبلی میں جمعیت علمائے اسلام اس بل کے سامنے سیسہ پلائی دیوار بن کے کھڑی ہو گئی، افسوس کہ پنجاب اسمبلی میں جمعیت علمائے اسلام نہیں تھی ورنہ اس بل کوہم خود روک لیتے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت واضح طور پر ہمارے تحفظات کا ازالہ کرے اور ہمارے صبر کا امتحان مت لے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی روکنے کے لئے تمام سیاسی پارٹیوں کو سیاسی انا کی چادر اتارنی ہو گی۔ علاوہ ازیں مولانا فضل الرحمن نے مزید کہا ہے کہ حکومت پاکستان سٹیل ملز کے افسروں اور ملازمین کا معاشی قتل عام بند کرتے ہوئے آفیسرز کی تنخواہوں میں فوری طور پر اضافہ کیاجائے۔ قومی اسمبلی سے منظور شدہ تنخواہوں میں اضافے سے سات سال گزر جانے کے باوجود محروم رکھنا بدترین ظلم ہے۔ پاکستان سٹیل کے افسروں کے ساتھ ناانصافی بند کی جائے اور انہیں ان کا حق دیا جائے۔ وہ گزشتہ روز اپنی رہائش گاہ پر وائس آف پاکستان سٹیل افسروں کے وفد سے گفتگو کر رہے تھے۔ فضل الرحمن نے وفد کو یقین دلایا کہ جمعیت علماءاسلام کے ارکان اسمبلی و سینٹ ان کے مسائل پر قومی اسمبلی اور سینٹ میں نہ صرف آواز اٹھائیں گے بلکہ وائس کے آفیسرز اور دیگر ملازمین کے حقوق اور مسائل کے حل کے لئے اپنا کردار ادا کریں گے۔
فضل الرحمان

ای پیپر-دی نیشن