• news

پنجاب پولیس کی بدسلوکی رواج بن گئی، رشوت لی جاتی ہے: مجلس قائمہ میں انکشاف

اسلام آباد (وقائع نگارخصوصی) قومی اسمبلی کی مجلس قائمہ برائے استحقاق قواعد و ضوابط کے اجلاس مےں چیئرمین مجلس قائمہ چوہدری اسد الرحمان نے عام شہریوں کے ساتھ پنجاب پولیس کی بدسلوکی کے واقعات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں تو ایم این ایز اور ایم پی اےزکی پلیٹس لگاکر گاڑیوں کو وارداتوں کے لئے استعمال کیا گیا۔پولیس کو شرف انسانی کا کوئی احترام نہیں چیک پوسٹوں اور ناکوں پر رشوت وصول کی جاتی ہے انہوں نے ےہ بات مجلس قائمہ کے اجلاس مےں کہی جو پارلیمینٹ ہاﺅس میں منعقد ہوا۔ سپیشل ہوم سیکرٹری ڈاکٹر شعیب نے بتاےا کہ نئے ایس او پی کے تحت آئندہ چیک پوسٹوں پر ہر گاڑی کو روکنے کے بجائے مشکوک گاڑیوں کو روکا جائے گا ۔سی سی ٹی وی کیمرے لگائے جارہے ہیں محکمہ داخلہ پنجاب کی جانب سے آگاہ کیا گیا ہے کہ صوبے میں فوج اور رینجرز نے صوبائی حکومت کی منظوری سے آپریشن شروع کیا ہے۔ پاک فوج سانحہ گلشن اقبال پارک لاہور کے بعد صوبے میں 400کارروائیاں کر چکی ہے 800 افراد کی گرفتاریاں اور 20ہزار افراد سے پوچھ گچھ کی گئی اجلاس مےں سپیشل ہوم سیکرٹری پنجاب جے یو آئی (ف) کے رہنما مولانا امیر زمان کی پنجاب چیک پوسٹوں پر بد سلوکی کے واقعات پر پیش ہوئے تھے۔ مولانا امیر زمان نے بتایا کہ بارڈر ملٹری پولیس کے اہلکاروں نے نہ صرف ان کی توہین کی بلکہ دھمکیاں بھی دیں کہ یہ بلوچستان نہیں ہے پنجاب ہے اور کہا کہ پہاڑ کی دوسری طرف احتجاج کرو تم مست ہو گئے ہو یہ پنجاب پولیس ہے مستی نکالنا جانتی ہے انہوں نے کہا کہ کسی گاڑی کو پیسے دیے بغیر نہیں جانے دیا جاتا۔حلف دینے کو تیار ہوں ان چیک پوسٹوں پر ہر گاڑی سے500روپے وصول کئے جاتے ہیں۔ امان اللہ ایس پی انویسٹی گیشن ڈیرہ نے بتایا کہ متعلقہ اے ایس آئی کو معطل کردیا گیا ہے ۔ انہوں نے کاروائی سے مجلس قائمہ برائے استحقاق کو آگاہ کردیا جس پر مولانا امیر زمان ڈیرہ اسماعیل خان پولیس کے خلاف اپنی تحریک استحقاق سے دستبردار ہوگئے ہیں۔اجلاس مےں شاہدہ رحمانی کی پی آئی اے کی پروازوں میں تاخیر سے متعلق تحریک استحقاق کو بھی نمٹا دیا گیا۔
پنجاب پولیس/ بدسلوکی

ای پیپر-دی نیشن