• news

شمالی کوریاکا100 کلو میٹر تک مار کرنے والے بیلسٹک میزائل کا کامیاب تجربہ

سیول / پیانگ یانگ (ایجنسیاں) شمالی کوریا نے زمین سے فضا تک مار کرنے والے بیسٹک میزائل کا کامیاب تجربہ کیا ہے غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق جنوبی کوریا کے جوائنٹ چیفس آف سٹاف کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ شمالی کوریا نے جنوبی صوبہ ہیمگائیون کے مشرقی ساحلی خطے کے نزدیک ایک سو کلومیٹر کے فاصلے تک مار کرنے والے میزائل کا کامیاب تجربہ کیا ہے۔ میزائل تجربہ ایسے وقت کیا گیا ہے جب علاقائی رہنما امریکی حکام کیساتھ جوہری کانفرنس میں شریک ہیں۔ شمالی کوریا نے یہ تجربہ متعدد راکٹ تجربات کے صرف تین روز بعد کیا ہے ۔ دوسری جانب جنوبی کوریا نے کہا ہے کہ شمالی کوریا نے جنوبی سرحدی علاقے میں موبائل سگنل جام کرنے کی کوشش کی ہے ۔اے ایف پی کے مطابق سیول حکام نے بتایا ہے کہ شمالی کوریا نے جنوبی قصبہ ہائیجو اور دیگر علاقوں میں جی پی ایس سگنل جام کرنے کی کوشش کی ہے۔ جنوبی کوریائی وزارت دفاع اور اتحادی وزارت نے اسے اشتعال انگیز اقدام قرار دیا ہے۔ واضح رہے شمالی کوریا نے اس سے قبل 2012ء میں بھی ایسی کوشش کی تھی تاہم جنوبی کوریا نے اسے بھی ناکام بنا دیا تھا۔ دوسری جانب امریکہ اور اس کے اتحادی ممالک نے کہا ہے کہ اگر شمالی کوریا نے اشتعال انگزیزی جاری رکھی تو مزید سخت پابندیوں کا سامنا کرنا پڑے گا۔ دریں اثناء امریکی صدر باراک اوباما نے کہا ہے کہ امریکہ اور چین نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ شمالی کوریا کو مستقبل میں میزائل تجربہ کرنے سے روکیں گے۔برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق پچھلے چند ہفتوں میں شمالی کوریا نے مغربی ممالک کو دھمکیاں دیتے ہوئے ہائیڈروجن بم اور پھر طویل فاصلے تک جانے والے میزائل کے تجربات کیے۔صدراوباما اور چینی صدر شی جن پنگ کی واشنگٹن میں جوہری کانفرنس کے موقع پر ملاقات کی مزید تفصیلات کے مطابق اوباما کا کہا تھا کہ دونوں ملک کوریا کے خطے کوایٹمی ہتھیاروں سے پاک دیکھنا چاہتے ہیں۔چین کے وزیر خارجہ نے کہا کہ دونوں صدور نے مختلف موضوعات پر کھل کر اور گہرے طریقے سے تبادلہ خیالات کیا اور ان کی یہ ملاقات بہت مثبت اور سود مند رہی۔

ای پیپر-دی نیشن