پشاور: خونخوار چوہوں کو مارنے کیلئے ضلعی حکومت نے مہم شروع کر دی
پشاور (این این آئی+ آئی این پی) پشاور میں آدم خور چوہوں کے خلاف فیصلہ کن آپریشن شروع کردیا گیا، ضلع ناظم عاصم خان نے گزشتہ روز مہم کا باقاعدہ آغاز کیا، اس سلسلے میں ریٹ کلر محمد نصیر کی سربراہی میں خصوصی ٹیم بھی تشکیل دیدی گئی۔ ضلعی انتظامیہ کے اہلکاروں نے شہر کے مختلف علاقوں میں چوہے مار دوائی بھی ڈال دی، ضلع ناظم محمد عاصم نے کہا ہے کہ پہلے مرحلے میں یکہ توت اور شہر کے دیگر علاقوں میں آپریشن کیا جائیگا۔ قبل ازیں ضلع ناظم کی زیرصدارت اجلاس میں پشاور کو چوہوں سے پاک کرنے اور آدم خور چوہوں کے خلاف آپریشن کے لئے مختلف تجاویز پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں فیصلے کئے گئے کہ چوہوں کی بھر مار والے علاقوں ‘حسن گھڑی ‘نہروں کے نزدیک علاقوں ‘ شاہی کھٹہ کے اردگرد علاقوں‘ نہروں اور شاہی کھٹہ ‘ کباڑ کے گوداموں اور دوسرے اشیاء کے بڑے گوداموں اور ندی نالوں کی خصوصی صفائی کی جائیگی اور ان مقامات میں چوہوں کے خلاف بھر پور آپریشن شروع کیا جائیگا جبکہ ضلعی حکومت کی جانب سے چوہوں کو مارنے پر 25 روپے فی چوہا انعام دینے کے اعلان کو عملی جامہ پہنانے کے لئے ڈی او فنانس کو 4 اپریل تک ہر صورت فنڈز ریلیزکرنے اور عوام کوانعامی رقوم کی فراہمی کے طریقہ کار طے کرنے کے احکامات جاری کئے گئے۔