حکومت آرٹیکل 6 کو آئین سے نکال دے: رضا ربانی
لاہور (این این آئی) چیئرمین سینٹ رضا ربانی نے کہا ہے کہ موجودہ صورتحال میں میرا حکومت کو مشورہ ہے کہ آئینی ترمیم بل کے ذریعے آرٹیکل 6 کو آئین سے نکال دے، جو آرٹیکل ملک میں آئین‘ پارلیمان اور جمہوریت کا دفاع کرنے میں ناکام ہوچکا ہے‘ اسے نکال دینا ہی بہتر ہوگا۔ بھٹو اور بینظیر بھٹو کے مزارات پر حاضری کے بعد میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ جس شخص پر آئین کے آرٹیکل 6 کے تحت مقدم درج تھا‘ وہ بینظیر بھٹو کے قتل میں بھی ملوث تھا اور اسے ملک سے باہر جانے دیا جائے تو اس سے زیادہ سنگین مذاق کیا ہوسکتا ہے۔ قانون کے اندر اگر کوئی سیکشن اور آرٹیکل کا مقصد نہ رہے تو اسے نکال کر آئین کا بوجھ کم کردیا جائے۔ ذوالفقار علی بھٹو کو انصاف نہیں ملا پر عوام کی عدالت میں وہ اب بھی سرخرو ہیں۔ رضا ربانی نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کی عدالتی قتل کے حوالے سے ایک ریفرنس سپریم کورٹ میں دائر کیا ہے جس کی شنوائی نہیں ہورہی۔ پاکستان سے ’’را‘‘ کے ایجنٹ کی گرفتاری سنگین مسئلہ ہے۔ پاکستان ہر دور میں بلوچستان میں بھارت کی مداخلت کی بات کرتا رہا ہے جو اس گرفتاری سے عیاں ہوچکی ہے۔