وزیراعظم جراتمندانہ فیصلے کریں، گھبرائیں نہیں قدم بڑھائیں ہم ساتھ کھڑے ہوں گے: خورشید شاہ
سکھر (این این آئی) قومی اسمبلی کے قائد حزب اختلاف خورشید شاہ نے کہا ہے کہ میٹرو بس سے ترقی نہیں ہوتیٗ ڈیم بننے سے ملک کو فائدہ ہو گا ٗ بری سے بری جمہوریت اچھی سے اچھی آمریت سے بہترہے ٗ بھارتی سازشوں کے خلاف متحدہوکرکام کرناہوگا ٗوزیراعظم جرات مندانہ فیصلے کریں ٗہم ساتھ کھڑے ہوںگے ۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے اداروں کی نجکاری نہ کرنے کا کہا تھا اور اب اگر اداروں کو پرائیویٹائز کیا گیا تو یہ منافقت ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں کی زمین بنجر ہوتی جا رہی ہے، عوام کو نقصان پہنچ رہا ہے، ملک میں صحت کے بہت سے مسائل ہیں لیکن تمام توجہ میٹرو پر لگا دی گئی ہے۔سید خورشید شاہ نے کہاکہ ملک میں تعلیمی نظام بھی تباہی کے کنارے پر ہے جس کے ذمہ دار صوبے ہیں، صدارتی نظام ناکام ترین تجربہ تھا جس میں ملک دولخت ہوا۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر نے کہاکہ ذوالفقارعلی بھٹونے سیاست کے ذریعے انقلاب برپا کیا، بھٹو نے جرات مندانہ فیصلے کئے، حکمران اپنے اندر بھٹو جیسی جرات پیدا کریں، کمزور سیاستدان عوام کی خدمت نہیں کر سکتا۔ انہوں نے کہاکہ بھارت کے خلاف مسلسل سازشیں کررہاہے، ایسی صورتحال میں سب کو متحد ہو کر کام کرنا ہو گا۔ انہوں نے کہاکہ لاہورمیں سانحہ ہواتووزیراعظم نے دورہ امریکہ منسوخ کردیا ٗدوسرے صوبوں میں ایسے واقعات پر وزیراعظم کی دورائے کیوں ہیں؟ وزیراعظم جرات مندانہ فیصلے کریں وزیراعظم گھبرائیں نہیں قدم بڑھائیں ہم ساتھ کھڑے ہوں گے۔ انہوں نے کہاکہ ہزاروں مظاہرین ریڈزون میں کیسے پہنچ گئے ،حکومتی وزراء کے بیانات میں تضاد ہے، چند ہزار لوگ ریڈزون میں آتے ہیں تو حکومت پریشان ہو جاتی ہے، مظاہرین کے جاتے ہی حکومت شیر ہو جاتی ہے، حکومتی صفوں میں ایسے لوگ ہیں جن کی اپنی ترجیحات ہیں۔