گوجرانوالہ: پسند کی شادی، لڑکی کے والدین نے داماد کا بھائی مار ڈالا، ورثا کا مظاہرہ
گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی) پسند کی شادی کی رنجش پر لڑکی کے والد اور بھائی نے فائرنگ کر کے داماد کے بڑے بھائی کو قتل کردیا، ورثاء کا ملزمان کی گر فتاری کیلئے سی پی او آفس کے باہر احتجاج، دھرنا دیا۔ نوشہرہ روڈ کے طیب نے چند ماہ قبل علاقہ ہی کی رہائشی رابعہ کے ساتھ پسند کی شادی کی تھی۔ معززین علا قہ کی مداخلت پر طیب کے گھر والوں نے رابعہ کو اسکے ورثا کے گھر بھجوا دیا تھا۔ دو روز قبل رابعہ واپس اپنے شوہر کے پاس آگئی، اسی رنجش پر لڑکی کا والد الیاس اپنے بیٹے اور دیگر ساتھیوں کے ہمراہ طیب کے گھر پہنچا جہاں پر ملزموں نے اندھا دھند فائرنگ کر کے گھر کے باہر کھڑے طیب کے بھائی علی رضا کو قتل کردیا اور فرار ہوگئے۔ مقتول چار بچوں کا باپ تھا۔ واقعہ کیخلاف ورثاء نے سی پی او آفس کے باہر احتجاج کرتے ہوئے شدید نعرے بازی کی اور ملزمان کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا۔ پولیس افسران کی جانب سے ملزمان کی جلد گرفتاری اور انصاف فراہم کرنے کی یقین دہانی پر مظاہرین منتشر ہو گئے۔