• news

دلہن کی تلاش میں دوسری مرتبہ چترال آنیوالا مشکوک روسی شہری گرفتار

چترال (نیٹ نیوز) چترال میں ایک روسی باشندہ دلہن کی تلاش میں شک پر پکڑا گیا‘ جسے ملک بدر کر دیا گیا مگر بہروپ بدل کر دوبارہ آگیا اور پھر ہتھکڑی لگوا بیٹھا۔ پولیس اور خفیہ ایجنسی کے اہلکاروں نے اس سے تفتیش شروع کردی ہے۔ برطانوی نشریاتی ادارہ کے مطابق شادی کی خواہش لئے چترال آنیوالے ایک غیرملکی کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق گرفتار ہونیوالے غیرملکی شخص کا تعلق روس سے ہے جو خود کو ماسکو کا رہائش پذیر بتاتا ہے۔ یہ باشندہ 25 دسمبر کو بھی چترال آیا تھا اور اسے مشکوک قرار دیکر واپس بھیج دیا گیا تھا۔ اس کا نام اپینگس اور اسلامی نام تورود علی ہے، اس نے مختلف مقامات پر اشتہارات لگائے تھے کہ وہ چترال میں شادی اور گھر کی تعمیر کا خواہشمند ہے اور مدد کرنیوالے کو 10 لاکھ روپے معاوضہ دیگا۔ دوسری طرف ڈسٹرکٹ پولیس چیف آصف اقبال نے بتایا روسی شہری نے اپنے خواب کی تکمیل کیلئے اسلام قبول کرلیا ہے۔ روسی شہری کو چترال پولیس سٹیشن میں رجسٹریشن نہ کروانے کے باعث گرفتار کیا گیا کیونکہ اس علاقے کا دورہ کرنے والے غیرملکیوں کیلئے سکیورٹی وجوہات کی بنا پر رجسٹریشن کرانا لازمی ہوتی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن