مسلم لیگ (ن) کی قیادت نے حکومتی کارکردگی کا ازسرنو جائزہ لینے کا فیصلہ کرلیا
اسلام آباد (محمد نواز رضا۔ وقائع نگار خصوصی) باخبر ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی اعلیٰ قیادت نے اپنی ’’طرز حکمرانی‘‘ کا ازسرنو جائزہ لینے کا اصولی فیصلہ کیا ہے۔ پارٹی کے اعلیٰ سطح کے اجلاس میں ان عوامل کی نشاندہی کی جائیگی جو حکومت کیلئے بار بار ’’جگ ہنسائی‘‘ کا باعث بن رہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق مسلم لیگی قیادت مئی 2016ء میں تین سال مکمل ہونے پر اپنی کارکردگی اور کمزوری کے بارے میں ’’فیکٹ شیٹ‘‘ تیار کریگی۔ اس کی روشنی میں آئندہ دو سال کے اہداف کی تکمیل جنگی بنیادوں پر کی جائیگی۔ ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ن) کی اعلیٰ قیادت، مسلم لیگ (ن) کے مرکزی، صوبائی اور ضلعی سطحوں پر انتخابات کرانے کی تجویز پر سنجیدگی سے غور کررہی ہے۔ اس سلسلے میں پولیٹکل پارٹیز آرڈر کے تقاضے پورے کئے جائینگے۔ ملک بھر میں بالخصوص پنجاب میں سیاسی مخالفین کی بڑھتی ہوئی سرگرمیوں کو پیش نظر رکھ کر حکمت عملی تیار کی جائیگی۔ مسلم لیگ (ن) کی اعلیٰ قیادت، حالیہ ضمنی انتخابات بالخصوص این اے 101 کے نتائج کا بھی جائزہ لے گی۔ اس پہلو پر بھی غور کیا جائیگا کہ این اے 101 کے ضمنی انتخابات پر ممتاز قادری کو پھانسی دینے کا فیصلہ کس حد تک اثرانداز ہوا ہے۔ مسلم لیگ (ن) کی قیادت اہلسنت علماء کرام کا تعاون حاصل کر کے اپنے خلاف پراپیگنڈے کو زائل کریگی۔