• news

ڈیڈ لائن کے باوجود نیب تاحال میگاکرپشن سکینڈلز کی تحقیقات مکمل نہ کرسکا

اسلام آباد (رستم اعجاز ستی / نامہ نگار) قومی احتساب بیورو (نیب) دوسری ڈیڈ لائن ختم ہونے کے باوجود تاحال میگا کرپشن سکینڈلز کی تحقیقات مکمل نہ کر سکا، ذرائع کے مطابق نیب کی جانب سے179میگا کرپشن سکینڈلز کی فہرست سپریم کورٹ میں جمع کروائی گئی تھی جس میں سیاست دانوں، جرنیلوں اور بیورو کریٹس کیخلاف مقدمات شامل تھے، نیب نے مذکورہ کرپشن مقدمات کی تحقیقات مکمل کرنے کیلئے پہلے 31دسمبر2015کی تاریخ مقرر کی تھی لیکن بعد ازاں31 مارچ2016کی تاریخ مقرر کی گئی تھی۔ ذرائع کے مطابق نیب کے تفتیش کار تاحال مذکورہ سکینڈلز کی تحقیقات مکمل نہیں کر سکے، نیب کی جانب سے کہا گیا تھا کہ ان ہائی پروفائل مقدمات میں ریکارڈ اور شواہد کا باریک بینی سے جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ دیکھا جائے کہ ہر کیس مقدمہ چلانے کے قابل ہے یا اسے بند کر دیا جائے، عام تاثر ہے کہ نیب کسی بااثر شخص پر مضبوط ہاتھ نہیں ڈال سکتا، مشرف دور میں نیب اسکے سیاسی حریفوں کا شکار کھیلتا رہا، سابقہ دور حکومت میں نیب این آر او کے دھوبی گھاٹ پر حکمرانوں کے گندے کپڑے دھوتا رہا اور اب بھی نیب ہائی پروفائل مقدمات میں بریت کے سرٹیفیکیٹس ہی جاری کرے گا، اس حوالے سے مؤقف جاننے کیلئے کہ کیا نیب واقعی ہی اپنی ہی مقرر کردہ دو ڈیڈ لائن کے اندر مذکورہ مقدمات کی تحقیقات مکمل نہیں کر سکا، نیب اب کب تک ہائی پروفائل کیسز کی تحقیقات مکمل کرے گا، کتنے مقدمات پر تحقیقات مکمل ہو چکی ہیں، کب تک سپریم کورٹ میں رپورٹ پیش کی جائے گی، نیب بارے مذکورہ عوامی تاثر کی نفی کیسے ہو سکے گی، ترجمان نیب سے رابطہ کیا گیا لیکن ٹیلی فون اٹینڈ نہیں کیا گیا۔

ای پیپر-دی نیشن