پاکستان چین سرحد پر بنیادی ڈھانچے کی تعمیر، ہم خاموش نہیں رہ سکتے: بھارتی فوج
سرینگر ( اے این این ) بھارتی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ وہ پاکستان اور چین پر کڑی نظر رکھے ہوئے ہے، دونوں ملکوں کی جانب سے سرحد پر بنیادی ڈھانچے کی تعمیر پر خاموش تماشائی بن کر نہیں بیٹھ سکتے، سرحدوں پر سیکورٹی میں مزید اضافہ کیا گیا ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں قربیاً200 عسکریت پسند سرگرم ہیں جن پرجلد قابو کرلیا جائے گا۔مقبوضہ کشمیرمیں تعینات بھارتی فوج کی 15 ویںکور کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل ایچ ایس دوہا نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ اگرچہ کشمیر میں عسکریت پسندی کے واقعات میں کمی آ رہی ہے پچھلے ایک سال کے دوران جھڑپوں میں کئی عسکری کمانڈر مارے گئے تاہم وادی میں اب بھی دو سو کے قریب سرگرم عسکریت پسند سرگرم ہیں جن پرجلد قابو کرلیا جائے گا۔ دراندازی کے واقعات میں اضافہ کے امکانات موجود ہیں کیونکہ برف پگھلنے کے ساتھ ساتھ دراندازی ہونے کا خدشہ ہے جسے روکنے کیلئے سرحد پر سکیورٹی بڑھا دی گئی ہے۔ اہلکاروں کو چوکس رکھا گیا ہے ۔ ہم کسی کو امن وامان میں رخنہ ڈالنے کی اجازت نہیں دینگے۔ تعلیم یافتہ نوجوانوں کا عسکریت پسندی کی طرف راغب ہونا تشویشناک ہے ، ایسے نوجوان اپنے مستقبل کو مخدوش بنانے کی طرف گامزن ہیں۔ پاکستان اور چین کی جانب سے بھارت کے ساتھ لگنے والی سرحدوں تک سڑکیں تعمیر کرنے کے بارے میں بھارتی فوجی کمانڈر نے کہاکہ ہم خاموش تماشائی بن کر نہیں بیٹھے پاکستان اورچین پر کڑی نظر رکھے ہوئے ہیں سرحدوں تک سڑکوں کی تعمیر کا کام شدومد سے جاری ہے۔ بھارتی فوج نوجوانوں کو مختلف ہنروں کی تربیت دینے کے لئے یوتھ کلبوں کا اہتمام بھی کررہی ہے۔