خوشی ناقابل بیان ‘ڈیرن سیمی نے فتح مداحوں کے نام کردی
کولکتہ (سپورٹس ڈیسک )ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کے کپتان ڈیرن سیمی نے انگلینڈ کو شکست دے کر ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ جیتنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاہے کہ عالمی چیمپئن بننے پر اللہ کے شکر گزار ہیں ‘اس کے بغیر کوئی بھی چیز ممکن نہیں ہے‘خوشی ناقابل بیان ہے ۔ہماری ٹیم میںآندرے فلیچر کی شکل میں پاسٹر موجود ہے جو ہر وقت دعائیں کرتے رہتے ہیں ‘ہماری ٹیم ہی دعائیں کرنے والی ہے ۔ہم اس کامیابی پر بہت زیادہ خوش ہیں ۔یہ کامیابی مدتوں یاد رہے گی ۔میں نے پہلے ہی کہا تھا ہمارے پاس 15میچ ونر کھلاڑی ہیں ۔کوئی پتہ نہیں کون کیا کرے گا ‘کوئی بھی ذمہ داری لے کر کام مکمل کر دیتا ہے۔بریتھویٹ کو دیکھیں جس نے پہلے ہی ورلڈکپ میں بڑ ا کارنامہ سر انجام دیا ہے ۔یہ ہماری کریبیئن کرکٹ لیگ کا نتیجہ ہے۔ہم پر امید ہیں کہ ٹھیک سٹرکچر کی بدولت ہماری ٹی ٹونٹی ‘ون ڈے اور ٹیسٹ کرکٹ رو ز بروز بہتر ہوتی چلی جائے گی ۔اپنی ٹیم کے کھلاڑیوں کا شکر گزار ہوں جنہوں نے اتنا بڑا کارنامہ سر انجام دیا ہے ۔کوچنگ سٹاف اور ٹیم مینجمنٹ کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں جن بدولت یہ کامیابی ملی ہے۔کامیابی اپنے مداحون کے نام کرتے ہیں ۔ہم اپنی حکومت اور کرکٹ بورڈ کے بھی شکر گزار ہیں جنہوں نے لمحہ با لمحہ ہمار اساتھ دیا۔اب ہمار ا پتہ نہیں یہ 15کھلاڑی دوبارہ کب اکٹھے کھیلیں کیونکہ ہم میں سے کئی کھلاڑیوں کو ون ڈے سکواڈ کیلئے منتخب نہیں کیا گیا ہے۔ٹی ٹونٹی میں کب اکٹھے ہونگے اس کا بھی علم نہیں ہے ۔اسی لئے اپنی ٹیم ‘کوچنگ سٹاف کا ابھی شکریہ ادا کرتا ہوں ۔اب ہر کوئی جانتا ہے کہ ویسٹ انڈیز چیمپئن ہے ۔