پاکستان کی پائیدار ترقی کیلئے اہداف کا حصول ضروری ہے: احسن اقبال
اسلام آباد/ لاہور (اے پی پی+ این این آئی) وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان پائیدار ترقی کے اہداف کو خصوصی اہمیت دیتا ہے جس کیلئے وفاقی و صوبائی سطح پر مشاورت کے بعد مربوط منصوبہ بندی کی گئی ہے تاکہ ان اہداف کو حاصل کیا جاسکے اور غربت کا خاتمہ بھی کیا جا سکے۔ ان اہداف کے حصول کیلئے قومی سطح پر اعداد و شمار کا بنک اور ایک مانٹیرنگ کا نظام ضروری ہے۔ احسن اقبال نے ان خیالات کا اظہار بنکاک میں پائیدار ترقی کے اہداف پر ایشیا پیسفک فورم کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا جو 3 سے 5 اپریل تک جاری رہیگا۔ احسن اقبال نے کہا کہ ان اہداف کو اہمیت دینے کا مقصد یہ بھی ہے کہ پاکستان انکے حصول کے ذریعے اس شاہراہ پر گامزن ہو سکے جو اسے 2030ء تک اپرمڈل کلاس کے ممالک کی صف میں شامل کرسکے۔ احسن اقبال نے کہا موجودہ حکومت کا وژن 2025ء پائیدار و شراکتی ترقی کا روڈمیپ ہے جو پائیدار ترقی کے عالمی اہداف سے کلی طور پر مطابقت رکھتا ہے۔ علاوہ ازیں احسن اقبال نے ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ کارکردگی جانچنے والے عالمی اور مقامی اداروں کی جانب سے پاکستان سے متعلق مثبت اشاریے حکومت کی کامیابی کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ کسی ایک سیاسی جماعت یا صوبے نہیں بلکہ پاکستان کی ترقی کا منصوبہ ہے اور اسے پایہ تکمیل تک پہنچانے کیلئے پوری قوم کو اسکے گرد حصار قائم کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ عام انتخابات میں دھرنے اور احتجاج نہیں بلکہ کارکردگی اور عوام کی خدمت بولے گی، مخالفت برائے مخالفت کرنیوالوں کو چاہئے کہ جسے جہاں جہاں مینڈیٹ ملا ہے وہاں عوام کی خدمت کریں۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک منصوبہ پاکستان کی تقدیر بدلنے کا منصوبہ ہے اور اس منصوبے کی تکمیل سے پوری دنیا میں پاکستان کو ایک مقام حاصل ہوگا۔ یہی وجہ ہے کہ یہ منصوبہ دشمن کی آنکھوں میں کھٹک رہا ہے۔