• news

نثار مان لیں، احسان اتارنے کیلئے مشرف کو باہر بھیجا: چانڈیو

حیدرآباد (این این آئی) سندھ کے مشیر اطلاعات مولا بخش چانڈیو نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ نے وفاقی حکومت کا پول کھول دیا ہے کہ مشرف کا نام ای سی ایل سے نکالنے اور بیرون ملک بھیجنے میں حکومت کا ہاتھ ہے۔ چودھری نثار کبھی تو اعتراف بھی کریں، کہہ دیں کہ احسان اتارنے کے لئے مشرف کو باہر بھیجا۔عمران کے پاس کرنے کو کچھ نہیں، چوہے مار کر مائوزے تنگ بننا چاہتے ہیں۔عمر کوٹ میں ہونے والا جلسہ فنکشنل لیگ کا روحانی اجتماع تھا جس میں صرف گالیاں دی گئیں۔ حیدر آباد میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ حکومت خود کو پاکستان بچانے کا چیمپئین سمجھتی ہے اور آئین توڑنے والے کو چھپ کر بیرون ملک بھیج دیا، اسی لئے رضا ربانی نے آئین سے آرٹیکل6 کے خاتمے کی بات کی ہے، آرٹیکل 6 بنانے کا مقصد صرف یہ تھا کہ کسی آئین توڑنے والے کو ملک سے باہر نہیں جانے دیا جائے گا لیکن پرویز مشرف کو بیرون ملک جانے کی اجازت دے کر ثابت کردیا کہ نواز شریف نے احسانوں کا بدلہ چکا دیا ۔ سپریم کورٹ نے بھی وفاقی حکومت کا پول کھول دیا اور کہا کہ پرویز مشرف کا نام ای سی ایل سے نکالنے اور ان کو بیرون ملک بھیجنے کی ذمہ دار حکومت ہے۔ بھارت کبھی ہمارا دوست نہیں ہو سکتا، ہم نے دوستانہ ہاتھ بڑھانے کے لیے لاکھ کوششیں کی ہیں لیکن اس نے انتشار پھیلانے کا کوئی موقع نہیں جانے دیا۔ چودھری نثار اعتراف کرتے ہوئے کہیں کہ وہ دہشت گردوں کے سامنے بے بس ہیں۔ وزیر داخلہ بیان دے رہے ہیں کہ آرمی چیف سے دن کی روشنی میں ملے تو ان سے کہوں گا کہ یہ آرمی چیف دن میں ہی ملنے والے ہیں لیکن نثار سابق آرمی چیف کیانی سے رات کے اندھیرے میں ملے تھے۔ پنجاب کے وزیر اعلی آئے روز ڈھول بجا کر کہتے تھے کہ وہاں آئیڈیل صورتحال ہے جبکہ اس وقت سب کہہ رہے ہیں کہ وہاں دہشت گردی کی جڑیں ہیں حالات نے وہاں آپریشن کرنے پر مجبور کر دیا۔ چودھری نثار کے نزدیک ایان علی سے زیادہ اہمیت کا کوئی معاملہ نہیں، وہ بڑی باتیں کیا کریں تو اچھا لگے گا۔ حکومت نے ایان علی کو باہر جانے کی اجازت نہیں دی مگر پرویز مشرف کو دیدی۔ عدالتی فیصلے پر مشرف کو بیرون ملک جانے کی اجازت نہیں دی گئی۔ گرینڈ الائنس میں شامل افراد کے کارنامے سب کے سامنے ہیں، مردم شماری میں مداخلت برداشت نہیں کی جائے گی۔

ای پیپر-دی نیشن