• news

جوہری دہشت گردی کے خلاف سعودی عرب کا ایک کروڑ ڈالر کا عطیہ

واشنگٹن (اے پی پی)سعودی عرب نے ویانا میں ایٹمی توانائی کی عالمی ایجنسی کے صدر دفتر میں نیوکلیئر دہشت گردی کے انسداد کے خصوصی مرکز کی تعمیر کے لیے 1 کروڑ ڈالر عطیہ دینے کا اعلان کیا ہے۔سعودی سرکاری نیوز ایجنسی "ایس پی اے" یہ اعلان واشنگٹن میں نیوکلیئر سیکورٹی سے متعلق سربراہ اجلاس میں مملکت کے وفد کے سربراہ اور کنگ عبداللہ سٹی فار اٹامک انرجی کے صدر ڈاکٹر ہاشم بن عبداللہ یمانی کے خطاب کے دوران سامنے آیا۔اس موقع پر یمانی کا کہنا تھا کہ "سعودی عرب ان اولین ممالک میں سے تھا جنہوں نے نیوکلیئر سیکورٹی سے متعلق بین الاقوامی فیصلوں اور معاہدوں کی حمایت اور توثیق کی" سعودی وفد کے سربراہ نے مزید کہا کہ مملکت نیوکلیئر سیکورٹی کے میدان میں بین الاقوامی سرگرمیوں کی مکمل سپورٹ جاری رکھے گا۔ واضح رہے کہ سعودی عرب نے 2014 میں اقوام متحدہ کے زیرانتظام انسداد دہشت گردی کے مرکز کے قیام کے لیے 10 کروڑ ڈالر عطیہ دینے کا اعلان کیا تھا۔ڈاکٹر یمانی نے "عالمی برادری پر زور دیا کہ نیوکلیئر دہشت گردی کے انسداد کے لیے خصوصی مرکز کے قیام کے ذریعے ایٹمی توانائی کی عالمی ایجنسی کے واسطے فنی اور افرادی قوت کے سلسلے میں بھرپور سپورٹ فراہم کی جائے"۔

ای پیپر-دی نیشن