• news

پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ (ن) لمیٹڈ پارٹیاں بن چکیں‘ عوام مایوس ہیں: شاہ محمود

وہاڑی ( این این آئی) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ (ن) لمیٹڈ پارٹیاں بن چکی ہیں۔ عوام ان دونوں پارٹیوں سے مایوس ہیں۔ پہلے تو صرف سیاسی لوگ ان سے مایوس تھے‘ اب غیر سیاسی لوگ بھی حکومت سے پریشان دکھائی دیتے ہیں۔ کسان‘ محنت کش طبقہ کی جتنی بے عزتی موجودہ حکومت کے دور میں ہوئی ہے‘ اس سے پہلے کبھی نہیں ہوئی تھی۔ پاکستان تحریک انصاف ایک نئی سیاسی قوت کے طورپر ابھر رہی ہے۔ تحریک انصاف جمہوری سوچ کی پارٹی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وہاڑی میں انٹرا پارٹی الیکشن مہم کے سلسلہ میں منعقدہ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ شاہ محمود نے مزید کہا کہ پنجاب میں بلدیاتی انتخابات حکومت نے اپنی خوشی سے نہیں کرائے بلکہ سپریم کورٹ کے حکم پر مجبور ہوکر کروائے‘ لیکن اب یہ لوگ منتخب چیئرمینز کو اختیارات دینے پر تیار ہیں بلکہ بلدیاتی اداروں کے راستوں پر رکاوٹیں کھڑی کررہے ہیں۔ پنجاب سے پاکستان پیپلزپارٹی کا جنازہ نکل چکا ہے۔ مسلم لیگ (ن) سے جس طرح عوام مایوس ہوتے جا رہے ہیں‘ یہ بھی خاتمہ کے قریب ہے۔ انہوں نے کہا پنجاب میں حقوق نسواں بل پنجاب حکومت نے بغیر کسی مشاورت کے منظو کروایا‘ اب مذہبی جماعتیں اس کے راستے میں رکاوٹ بن کر کھڑی ہو گئی ہیں۔ اس پر عملدرآمد ہوتا دکھائی نہیں دے رہا۔ آئندہ چند دنوں میں پتہ چل جائے گا کہ پنجاب حکومت بل واپس لیتی ہے یا مذہبی جماعتیں حکومت کے ساتھ کیا رویہ اختیار کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ’’را‘‘ کے ایجنٹ کی گرفتاری کے بعد پنجاب حکومت اور وفاقی حکومت کی مجرمانہ خاموشی بہت کچھ سوچنے پر مجبور کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایشیا کپ اور ٹی 20 ورلڈکپ میں ٹیم کی بدترین شکست کے بعد نجم سیٹھی کو خود مستعفی ہو جانا چاہئے تھا‘ لیکن نجم سیٹھی کی نظر میں ملک و قوم کی کوئی اہمیت نہیں۔

ای پیپر-دی نیشن